پندرہ سال بعدویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کادورہ کریگی

پندرہ سال بعدویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کادورہ کریگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کراچی میں 3میچز کی ٹی 20سیریز کھیلے گی۔یہ تینوں میچز 31 جنوری، یکم اور 3 فروری کو ساتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں دبئی میں 7،9اور 11فروری کو ون ڈے انٹرنیشنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ون ڈے کا پہلا میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ آئی سی سی اکیڈمی میں منعقد ہوں گے۔2016کی آئی سی سی ویمن ورلڈ ٹی 20 چیمپیئن ٹیم سیریز کی تیاری کے لیے 26 جنوری کو دبئی پہنچے گی جبکہ 30جنوری کو دبئی سے کراچی آئے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان 31 جنوری، یکم فروری اور 3 فروری کو میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے۔آخری مرتبہ ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے مارچ 2004 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ٹیسٹ سیریز کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئی جب کہ 7 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز نے 2-5 سے اپنے نام کی تھی۔دریں اثنا پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کراچی کے ایک ٹریننگ کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے سیریز کی تیاری کا آغاز کردیا ہے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کی ٹیم کی کراچی آمد پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اچھی خبر ہے، ہم ویسٹ انڈیز اور اس کے کھلاڑیوں کا پی سی بی پر اعتماد کا شریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز کا یہ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان دیگر ممالک کی طرح محفوظ ہے اور ان کا یہ دورہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مکمل طور پر بحالی کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔دوسری جانب اس دورے کے حوالے سے کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو کا کہنا تھا کہ اپریل 2018 میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی پاکستان کی جانب سے میزبانی کے پیش نظر ہم نے پی سی بی کو تصدیق کی کہ ہماری خواتین کی ٹیم بھی کراچی میں 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کھیلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہمارے دوستوں کے لیے اہم قدم ہے تاکہ ان کی کرکٹ ان کے گھر واپس آسکے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے کھلاڑی اور دیگر اسٹاف نے اس میں ہماری حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے سیکیورٹی کا منصوبہ ویسا ہی تشکیل دیا گیا ہے جیسا مینز ٹیم کے لیے گزشتہ سال تھا۔جونی گریو کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف کو واضح کردیا ہے کہ اگر کسی کو اس دورے کے حوالے سے کوئی تحفظات ہیں تو ہم ان کی بات سنیں گے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز آئی سی سی کی ٹی 20 انٹرنیشنل کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔اسی طرح ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔