سپورٹس رائونڈ اپ

سپورٹس رائونڈ اپ

اسٹارفٹبال رونالڈو نے کتنا جرمانہ ادا کیا

پرتگال کے فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ٹیکس فراڈ کیس میں 23ماہ قید کی سزا سے بچنے کے لئے 2کروڑ 16لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے کے معاہدے پر رضامند ہوگئے۔رونالڈو اپنی ہسپانوی منگیتر کا ہاتھ تھامے مسکراتے ہوئے عدالت سے باہر آئے اور اپنے پرستاروں کو آٹوگراف دے کر بلیک وین میں سوار ہوکر چلے گئے۔یو وینٹس کے 33سالہ اسٹرائیکر نے مقدمے کے حل کے لئے 2کرورڑ 16لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے کے عوض معطل قید کی سزا قبول کرنے پر راضی ہوگئے، جس کے بعد رونالڈو کو جیل نہیں جانا پڑے گا۔پانچ مرتبہ فٹ بالر آف دی ایئر رہنے والے رونالڈو صرف 15منٹ کے لئے عدالت میں پیش ہوئے ، جہاں اْنہیں صرف پہلے سے طے شدہ معاہدے پر دستخط کرنا تھے۔2017ء میں رونالڈو نے ان الزامات کی تردید کی تھی کہ 2011ء اور 2014ء کے دوران انہوں نے اپنی آمدنی چھپانے کے لئے جان بوجھ کر ایک بزنس اسٹرکچرکو استعمال کیا۔کرسٹیانو رونالڈو نے 2009سے 2018ء تک ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کی بھی نمائندگی کی

پاکستان ہاکی ٹیم کو عالمی مقابلوں میں شرکت سے روک دیا گیا

پاکستانی ہاکی ٹیم پرو ہاکی لیگ میں حصہ نہیں لے گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مالی مشکلات کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیڈریشن نے ابتدائی تین میچوں میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن سے رابطہ کیا تھا،لیکن ایف آئی ایچ نے پاکستان کو پوری لیگ سے باہر کردیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایف آئی ایچ نے پاکستان کے حوالے سے سخت فیصلہ کرتے ہوئے فی الحال اسے عالمی مقابلوں میں شر کت سے بھی روک دیا ہے۔

پی ایس ایل فور کا گانا 1 دن میں 4 لاکھ باردیکھا گیا

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو ایک دن میں یو ٹیوب پر چارلاکھ بار دیکھ لیا گیا۔پی ایس ایل فور کے ترانے کو ایک دن میں یو ٹیوب پر چارلاکھ بار دیکھ لیا گیا۔ترانے کو اب تک 5 ہزار لوگوں نے ڈس لائیک کا بٹن دبایاجبکہ 26 ہزار لوگوں کو گانا پسند آیا۔واضح رہے کہ چوتھے ایڈیشن کے گیت پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے ناگواری کا اظہار کیا اور اس نغمے کو علی ظفر کے نغموں سے کم تر قرار دیا ہے۔پی ایس ایل فور کا آفیشل گیت ’کھیل دیوانوں کا‘ میں گلوکار و اداکار فواد خان نے آواز کا جادو جگایا ہے۔یا درہے کہ پی ایس ایل کے پہلے تین سیزن کا ٹائٹل سانگ گانے والے علی ظفر کے بجائے اس بار اداکار و گلوکار فواد خان نے اس گانے کو پیش کیا۔

پاکستان ایشین جونئیراسکواش کاچیمپئن گیا

پاکستان نے ایشین جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔ قومی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو دو صفر سے مات دی۔تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں منعقدہ ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ کا فائنل بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 0۔2 سے شکست دی۔پاکستان کی جانب سے فرحان ہاشمی اور عباس زیب نے شاندار کھیل پیش کیا، فرحان ہاشمی نے بھارت کے ویر چوٹرانی کو پانچ گیمز کے مقابلے کے بعد مات دی۔دوسرے میچ میں عباس زیب نیجارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کے اتکرش بیہاتی کو تین صفر سے ہراکر پاکستان کو ٹائٹل جتوادیا۔اسکواش چیمیئن شپ کی فتح کے بعد پاکستانی کھلاڑی اور ٹیم منجمنٹ سجدے میں گرگئی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

فجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ متحدہ عرب امارات میں ہوگی

فجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے 25رکنی قومی ٹیم 30جنوری کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ کے مطابق چیمپئن شپ یکم سے 5 فروری تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی جس میں 25 پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑی اپنے اپنے ڈیپارٹمنٹ میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ایونٹ میں 27 سے زائد ممالک کی شرکت متوقع ہے۔ پچھلی مرتبہ ایونٹ میں 27 سے 28 ممالک نے شرکت کی تھی جس میں پاکستان نے 12ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ وسیم احمد جنجوعہ نے بتایا کہ ایونٹ کیلئے فیڈریشن نے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے امید ہے کہ وہ اس مرتبہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے اچھے رزلٹ حاصل کریں ۔

دو قومی سائیکلسٹ شدید دھند کے باعث ٹرک کے ساتھ ٹکر لگنے سے شدید زخمی

شیخوپورہ میں دو قومی سائیکلسٹ شدید دھند کی وجہ سے ٹرک کے ساتھ ٹکر لگنے سے شدید زخمی ہو گئے، دونوں سائیکلسٹ جناح ہسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ نے بتایا کہ پاکستان کے دو انٹرنیشنل سائیکلسٹ ذیشان اور محبوب وہاں پر تربیت حاصل کر رہے تھے، شدید دھند کی وجہ سے دونوں سائیکلسٹ ٹرک کے ساتھ ٹکر لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ذیشان کو سر پر شدید چوٹ لگی ہے جبکہ محبوب کو کمر میں شدید چوٹ لگی ہے۔ دونوں سائیکلسٹ جناح ہسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں، وہ سیرئس کنڈیشن میں ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت سے اپیل کی ہے کہ دونوں سائیکلسٹ کے بہترین علاج کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں۔

قومی جوڈو چمپئن شپ مارچ 2019ء میں کھیلی جائے گی

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی جوڈو چمپئن شپ مارچ 2019ء میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ میں پاکستان آرمی ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان کے مطابق کوئٹہ میں شیڈول ایونٹ میں چاروں صوبے ، واپڈا ، نیوی ، پولیس ، اسلام آباد ، فاٹا ، ڈی ایچ اے ، ایچ ای سی ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل فیڈریشن کے رولز کے مطابق ایونٹ میں انفرادی اور ٹیم ایونٹ کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں پاکستان آرمی ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ دسمبر میں کوئٹہ میں کھیلی جانی تھی تاہم کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث فیڈریشن نے ایونٹ کو ملتوی کردیا اب نئے شیڈول کے مطابق چمپئن شپ مارچ میں کھیلی جائے گی۔

مزید : ایڈیشن 1 /پشاورصفحہ آخر