آسیہ بی بی کے وکیل کی پاکستان واپسی
دی ہیگ (ڈیلی پاکستان آن لائن )توہین مذہب کے الزام سے بری ہونے والی آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک سپریم کورٹ میں بریت کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی اپیل کی سماعت کیلئے نیدر لینڈ سے واپس پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف اپیل 29 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دی تھی ، جس کی سماعت چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا ۔ اپیل کی سماعت میں آسیہ بی بی کے وکیل کے طور پر سیف الملوک آخری مرتبہ پیش ہو ں گے ۔
یاد رہے کہ آسیہ بی بی کو سپریم کورٹ نے توہین مذہب کے الزام سے بری کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد ملک میں شدید مظاہرے شروع ہو گئے جس کے باعث آسیہ بی بی کی رہائی کئی دنوں کے بعد عمل میں آئی جبکہ سیف الملوک بھی جان کے خطرے کے باعث نیدر لینڈ روانہ ہو گئے تھے جہاں انہو ںنے پناہ کیلئے درخواست دی ۔نیدر لینڈ نے سیف الملوک کی درخواست پر انہیں عارضی پناہ دیدی تھی ۔
نیدر لینڈ کی ” کرسچن یونین پارٹی “ کے پارلیمنٹرین ” وورڈ ونڈ “ نے ٹویٹر پر تصویر جاری کرتے ہوئے پیغام لکھا کہ وہ سیف الملوک کو ایئر پورٹ چھوڑنے کیلئے آئے ہیں جو کہ آسیہ بی بی کے کیس میں آخری مرتبہ پیش ہونے کیلئے پاکستان واپس جارہے ہیں ۔