اپنا فلیٹ کرائے پر دینے کی وجہ سے خاتون کی عزت خطرے میں پڑگئی

اپنا فلیٹ کرائے پر دینے کی وجہ سے خاتون کی عزت خطرے میں پڑگئی
اپنا فلیٹ کرائے پر دینے کی وجہ سے خاتون کی عزت خطرے میں پڑگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک خاتون اضافی آمدنی کے لیے گاہے اپنا پرتعیش فلیٹ کرائے پر دیتی تھی۔ گزشتہ دنوں اس نے ایک ایسی عورت کو اپنا فلیٹ کرائے پر دے دیا کہ علاقے میں اپنی عزت داﺅ پر لگوا بیٹھی۔ میل آن لائن کے مطابق 60سالہ الزبتھ سٹرلنگ نامی یہ خاتون مطلقہ ہے اور لندن کے پوش علاقے کینسنگٹن میں 25لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 45کروڑ 93لاکھ روپے)مالیت کے پرتعیش فلیٹ کی مالک ہے۔ وہ 5بیڈ روم کے اس فلیٹ میں اکیلی رہتی ہے چنانچہ اس نے تین سال پہلے اضافی آمدنی کے لیے پے انگ گیسٹس کوکرائے پر رکھنا شروع کیا اور آج تک اسے کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیا۔ تاہم گزشتہ دنوں کرائے پر پراپرٹی کے لین دین کے ویب سائٹ Airbnbکے ذریعے اس سے ایک عورت نے رابطہ کیا اور فلیٹ کرائے پر حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ عورت گفتگو سے کافی سلجھی ہوئی لگ رہی تھی چنانچہ الزبتھ نے فوراً حامی بھر لی۔


اس عورت نے الزبتھ کو بتایا تھا کہ وہ اور اس کی کچھ سہیلیاں ایک پارٹی کا اہتمام کرنا چاہتی ہیں، چنانچہ انہیں ایک رات کے لیے فلیٹ چاہیے۔الزبتھ اور اس عورت میں 500پاﺅنڈ کے عوض معاملہ طے پا گیا لیکن جب پارٹی کی رات آئی تو یہ دیکھ کر الزبتھ کے پیروں تلے زمین نکل گئی کہ سینکڑوں لوگ اس کے فلیٹ میں گھس آئے اور سب کے سب نے منشیات کا بہت زیادہ استعمال کر رکھا تھا۔ انہوں نے الزبتھ کے فلیٹ میں وہ ادھم مچایا کہ خدا کی پناہ۔ وہاں بھی وہ منشیات کا بے دریغ استعمال کرتے رہے۔ گھر کا سامان اورمہنگی پینٹنگز وغیرہ تباہ کر ڈالیں اور الزبتھ کو غلیظ گالیاں بھی دیتے رہے۔


رپورٹ کے مطابق بالآخر الزبتھ نے پولیس کو کال کی جنہوں نے آ کر ان نشیﺅں کو اس کے فلیٹ سے باہر نکالا۔علاقے میں الزبتھ کی بہت عزت تھی لیکن جب اس طرح کی اخلاق باختہ پارٹی لوگوں نے اس کے گھر میں منعقد ہوتے دیکھی تو اس کے بارے میں کئی طرح کی چہ مگوئیاں ہونے لگی ہیں کیونکہ لوگوں کی نظروں میں وہ پارٹی خود الزبتھ ہی نے منعقد کی تھی۔اس واقعے پر الزبتھ کا کہنا ہے کہ ”مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ کسی نے میری عزت تار تار کر دی ہو۔ میں تین سال سے گھر کرائے پر دیتی آ رہی تھی لیکن اب تک میرے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہوا۔ اس واقعے کے بعد گھر سے باہر نکلتے ہوئے مجھے شرم آتی ہے کہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہوں گے۔ اس واقعے نے مجھے اس قدر خوفزدہ کر دیا ہے کہ میں نے آئندہ فلیٹ کرائے پر نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔“