تحریک انصاف والے کارکردگی نہ دکھائیں لیکن بھانڈ پن چھوڑ دیں :حسن نثار کا مشورہ

تحریک انصاف والے کارکردگی نہ دکھائیں لیکن بھانڈ پن چھوڑ دیں :حسن نثار کا ...
تحریک انصاف والے کارکردگی نہ دکھائیں لیکن بھانڈ پن چھوڑ دیں :حسن نثار کا مشورہ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کارحسن نثار نے کہاہے کہ حکومت اوراپوزیشن سچ نہیں بول رہیں، دونوں طرف سے اپنے لیڈروں کادفاع کیاجارہاہے ، تحریک انصاف والے کارکردگی نہ دکھائیں لیکن بھانڈ پن چھوڑ دیں، عثمان بزدار کے ہسپتال پھول لے جانے سے کوئی قیامت نہیں آگئی ، پھو ل قبروں پر بھی لے جائے جاتے ہیں۔

جیونیوز کے پروگرام ”میر ے مطابق “ میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ حکومت منی بجٹ کا دفاع کررہی ہے جبکہ اپوزیشن اس پر تنقید کررہی ہے ، دونوں کی اپنی اپنی مجبوریاں ہیں ، سچ دونوں نے نہیں بولنا ، دونوں طرف سے اپنے اپنے لیڈروں کادفاع کیا جارہاہے، یہ اصلاحاتی پیکج دوماہ میں گھروں میں آکر خود ہی بتا دے گا کہ یہ کیساہے ؟انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کے کسانوں کی قسمت میں ان کا اپنااگایا ہوا اناج بھی نہیں ہے ، اشفاق احمد نے لکھا تھا کہ ہمارا غریب آدمی مرغی اس وقت کھاتا ہے جب وہ خود بیمار ہویااس کی مرغی بیمار ہو، اس لئے باہر سے فوڈ آئٹمز در آمد کرنے والوں کوشرم کرنی چاہئے کہ سواتین ارب کے چپس اور چیز منگوا لئے گئے ہیں ، میراتوخیال یہ تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت یہ سب ختم کردے گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ لکھنے والوں کو عوام اور ملک سے مخلص ہونا چاہئے ، سرسید احمدنے ہر طرح کی گالی برداشت کی اور پروانہیں کی کہ کون تالی بجا رہاہے اورکون گالی دے رہاہے ؟سرسید ماڈل بہت شاندار ہے ، سرسید کو گالیاں دینے والوں کی اولادیں اب اپنی بیویوں کے زیورات بیچ کر اور اپنے پیٹ کاٹ کر اپنے بچوں کو انگلش میڈیم تعلیم دلا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس صوبے میں ڈاکٹر یاسمین راشد جیسی خاتون پٹ جائے اور کارکردگی نہ دکھا سکے تواس کا مطلب یہ کہانی کچھ اور ہے ، عثمان بزدار اگر ہسپتال میں پھول لے گئے تو کیاقیامت آگئی تھی؟ پھول تو ہم قبروں پر بھی لیکر جاتے ہیں، وہ نہ لے جاتے تو بہتر تھا اور اگر لے گیا تو قیامت تو نہیں آگئی ، ان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف والے کارکردگی نہ دکھائیں لیکن بھانڈ پن چھوڑ دیں ، ان کے پاﺅں تلے بٹیرا آگیاہے جب تک ہے لگے رہیں ، نا ن ایشو کوایشو نہ بنائیں ۔

مزید : قومی