پنجاب میں بیورو کریسی بے لگام ، ہوم سیکرٹری وزیراعلیٰ سے پوچھے بغیر ہیلی کاپٹر لیکر چلے گئے :خاور گھمن کاانکشاف
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صحافی خاور گھمن نے کہاہے کہ پنجاب میں بیو روکریسی بڑی بے لگام ہے ، ہوم سیکرٹری فضیل اصغر وزیر اعلیٰ سے پوچھے بغیر ایک جگہ معائنہ کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر لے کر چلے گئے تھے۔
دنیانیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک“ میں گفتگو کرتے ہوئے خاور گھمن نے کہاکہ سانحہ ساہیوال جیسا آپریشن جب بھی ہوتا ہے ، اس کی کسی نہ کسی افسر کو کمانڈ دی جاتی ہے لیکن ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ یہ آپریشن کس نے کمانڈ کیا تھا ؟ اب مسئلہ یہ ہے کہ اس آپریشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہورہی ہے ، اس معاملے اور ماڈل ٹاﺅن میں فرق یہ ہے کہ وہاں پر سیاسی عنصر بھی شامل تھا لیکن سانحہ ساہیوال میں کوئی سیاسی عنصر بھی شامل نہیں تھا ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تو بتایا جانا چاہئے کہ یہ آپریشن کرایا کس نے ہے ، عمران خان نے سب سے بڑی غلطی کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ چار ایڈوائزر لگائے ہوئے ہیں، عثمان بزدار اتنے برے بھی نہیںہے ، اگر ان کویہ اپوزیشن دی ہے تو ان کواب چھوڑ دینا چاہئے، اب دیکھنا یہ ہے کہ عثمان بزدار کس طرح اس شکنجے سے نکلتے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ پنجاب میں بیو روکریسی بڑی بے لگام ہے ، ہوم سیکرٹری فضیل اصغر وزیر اعلیٰ سے پوچھے بغیر ایک جگہ معائنہ کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر لے کر چلے گئے تھے ، سانحہ ساہیوال کے حقائق منظر عام پرآنا ہی آنا ہیں جوخون ناحق بہتاہے ، اس کا کوئی نہ کوئی نتیجہ نکلتا ہی ہے ۔