پاکستان کرکٹ ٹیم، سیریز جیت گئی!

پاکستان کرکٹ ٹیم، سیریز جیت گئی!

  



پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 میں عالمی نمبر 1 رہنے کے لئے یہ جیت بہت ضروری تھی، اور بنگلہ دیش کے خلاف قذافی سٹیڈیم میں دوسرا میچ اور سیریز جیت کر اسے یقین کے قریب تر کر لیا گیا ہے۔ آج (سوموار) تیسرا اور آخری میچ ہوگا۔ بنگلہ دیش وائٹ واش سے بچنے کے لئے بھرپور کوشش کرے گا اور پاکستان کو یہ میچ اپنی برتری برقرار رکھنے کے لئے جیتنا لازم ہوگا یوں آج (سوموار) کا مقابلہ بھی دلچسپ ہوگا اور سیریز کا فیصلہ ہو جانے کے بعد بھی منزل ابھی سامنے ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کی واپسی ہوئی اور باقی ٹیم میں متعدد نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا۔ فخر، امام الحق اور عابد علی جیسے کھلاڑی باہر بٹھائے گئے۔ احمد شہزاد، عمر اکمل اور کامران اکمل کو زیر غور ہی نہیں لایا گیا۔ یہ فیصلہ کوچ، چیف سلیکٹر اور بورڈ والوں کا ہے وہ جانیں اور سینئر کھلاڑی یا تجربہ کار تجزیہ کار ہم تو محمد حفیظ کی اس بات کو وزن دیتے ہیں کہ سینئر کھلاڑیوں کا ٹیم میں ہونا بہتر ہوتا ہے جبکہ جب تک کوئی کھلاڑی اچھا کھیلے اور فٹ ہو اسے ٹیم سے نہ نکالا جائے۔ ہر دو متذکرہ میچوں میں سینئر، جونیئر کمبی نیشن بہتر ثابت ہوا، شعیب ملک نے پہلے میچ میں میچ جتوایا تو بابر اعظم اور محمد حفیظ نے یہ کسر دوسرے میچ میں پوری کر دی۔ یوں قسمت نے یاوری کی، اور ٹیم واپس وننگ ٹریک پر آ گئی۔ جو پچھلی سیریز میں ہار ہی کو گلے لگا رہی تھی ہمارے خیال میں اگر یہ تجربہ کامیاب رہا ہے تو اسے جاری رکھنا چاہئے اور جو کھلاڑی اچھی اور بہترین فارم میں ہونے کے باوجود نظر انداز ہوئے ان کو بھی موقع دیا جائے۔ ضروری مشق یہ ہے کہ آسٹریلیا اور برطانیہ کی طرح پاکستان میں بھی جونیئرز کو موقع ضرور دیا جائے لیکن یہ سینئرز کی قربانی کے عوض نہیں، بلکہ سینئرز کے ساتھ ساتھ جونیئر کھلاڑیوں کو موقع دے کر ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ تربیت اور اصلاح کی جائے۔ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔

مزید : رائے /اداریہ