راجر فیڈرر، نویک جوکووچ، ایشلے بارٹی، پیٹرا کویٹووا آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں داخل

  راجر فیڈرر، نویک جوکووچ، ایشلے بارٹی، پیٹرا کویٹووا آسٹریلین اوپن کے ...

  



میلبورن (اے پی پی)راجر فیڈرر اور نویک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، ویمنز سنگلز میں ایشلے بارٹی اور پیٹرا کویٹووا نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، سال کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل مرحلے میں عالمی نمبر تین سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے ہنگری کے مارٹن فکوسووچ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4-6، 6-1، 6-2 اور 6-2 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، عالمی نمبر دو سربیا کے نویک جوکووچ نے ارجنٹائن کے ڈیاگو شوارٹزمین کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی، ان کی جیت کا سکور 6-3، 6-4 اور 6-4 رہا، کینیڈا کے ملوس رانک نے کروشیا کے مارین چلچ کو 6-4، 6-3 اور 7-5 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، ایک اور میچ میں امریکہ کے ٹینز سینڈگرن نے اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو 7-6، 6-2 اور 6-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ویمنز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے امریکہ کی علیسن رزکی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-3، 1-6 اور 6-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کی، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا نے یونان کی ماریہ سکاری کو 6-7، 6-3 اور 6-2 سے ہرا کر اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی، امریکہ کی سوفیہ کینن نے ہم وطن حریف کوکو گف جبکہ تیونس کی انس جابر نے چین کی وانگ چیانگ کو ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی