شناختی کارڈ اور فکس ٹیکس پر حکومت کو نرمی کا مظاہرہ کرناہوگا‘میاں سلیم

شناختی کارڈ اور فکس ٹیکس پر حکومت کو نرمی کا مظاہرہ کرناہوگا‘میاں سلیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (این این آئی) انجمن تاجران لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں سلیم نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ اور فکس ٹیکس کے حوالے سے حکومت کو نرمی کا مظاہرہ کرناہوگا،ملک کے اقتصادی و معاشی،اندرونی و بیرونی حالات کچھ بہتر نہیں ہیں،موجودہ حکومت سے عوام اور تاجروں کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں،ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے عوام اور تاجر پہلے ہی بہت پریشان ہیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز تاجروں کی کارنر میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔میاں سلیم نے مزید کہا ہے کہ حکومت کو چاہے کہ فوری طور پر شنا ختی کارڈ کی شرط کو ختم کرے اور فیکس ٹیکس کے حوالے سے بھی تاجروں کے کارباری حجم کو سامنے رکھ کر ٹیکس لگائے جائیں نہ کہ دکان کے جحم کو دیکھ کر ٹیکسوں کا نفاذ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بعض آیٹمز کی سیل زیادہ ہے لیکن اس پر پرافٹ مارجن انتہائی کم ہوتا ہے جبکہ بعض اشیاء کی سیل کم ہے لیکن اس پر پرافٹ مارجن زیادہ ہوتا ہے۔ لہذا حکومت کے معاشی ماہرین کو بھی چاہیے کہ وہ وزیر اعظم کے سامنے اصل حقائق رکھیں۔
تاکہ انہیں عوامی فیصلوں میں دقت پیش نہ آئے۔انہوں نے کہاکہ ہم حکومت کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، لیکن اس کے لئے حکومت کو بھی ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔ اس وقت کاروباری حالات اس قدر مندی کا شکار ہو چکے ہیں کہ دکانداروں کے لئے اپنے روزانہ کے اخراجات مشکل ہو چکے ہیں جبکہ بیشتر دکاندار اپنی راس ختم کرنے کے بعد اب دوسروں کے مقروض ہو چکے ہیں۔ اگر حکومت نے فوری طور پر اقتصادی اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات نہ کئے تو ملکی صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی لہذا حکومت کو موجودہ حالات میں دانشمندانہ فیصلے کرنے ہونگے۔

مزید :

کامرس -