امریکہ پاکستان کو ”ڈو مور“ پر راضی کرنا چاہتا ہے،جاوید قصوری

امریکہ پاکستان کو ”ڈو مور“ پر راضی کرنا چاہتا ہے،جاوید قصوری

  



لاہور (پ ر)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے امریکی پیشکش ایک نئی چال ہے۔ جس کا مقصد پاکستان کو ”ڈو مور“ پر راضی کرنا ہے۔ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ اپنے مفادات کو ترجیحی دی۔ اس کی دوستیاں اور دشمنیاں صرف اور صرف اپنے اغراض و مقاصد کے ساتھ نتھی ہیں۔ بد قسمتی سے موجودہ حکمران بھی امریکی آقاؤں کو خوش کرنے کی راہ پر چل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کامسئلہ ساری دنیا کے سامنے ہے بھارت نے جس طرح کشمیریوں پر 175دنوں سے کرفیو نافذ کررکھا ہے۔ اس پر امریکہ اور اقوام متحدہ کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔ فلسطین، برما اور دنیا کے وہ تمام ممالک جہاں مسلمانوں پر بد ترین تشدد کیا جارہا ہے۔ وہاں امریکہ کو انسانیت نظر کیوں نہیں آتی؟۔ جس طرح پاکستان اور اس کے 22کروڑ عوام نے نائن الیون کے بعد 70ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کو برداشت کیا اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ مگر اس کے باوجود امریکہ ڈومور کی گردان کرتے نہیں تھکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے بالآخر ماضی کے حکمرانوں کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ماضی کی حکومتوں کا تسلسل ہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دنیا میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا جب تک عالمی برادری دوہرے معیار تبدیل نہیں کرتی۔ دہشت گردی کی مالی امداد کرنے والے متعدد افراد خود امریکہ، بھارت دیگر یورپی ممالک سے گرفتار ہوئے ہیں، ان ممالک کے خلاف ایف اے ٹی ایف“ نے آنکھیں کیوں بند کررکھی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1