وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی اپوزیشن پر بجلی بن کر گرتی ہے، ہمایوں اختر

وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی اپوزیشن پر بجلی بن کر گرتی ہے، ہمایوں اختر

  



لاہور(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہر کامیابی وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں مبتلا اپوزیشن پر بجلی بن کر گرتی ہے۔اگر کرپشن کا گراف اوپر جارہا ہوتا تو بیرونی سرمایہ کار کبھی بھی پاکستان کا رخ کرتے اور نہ عالمی ادارے مثبت اشاریوں کی رپورٹس دے رہے ہوتے،معاشی حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں اور اب انفرا سٹر اکچر اور حلقوں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی رہائشگاہ پر حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور اہل علاقہ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکومت نے معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی لیکن اس کے باوجود وزیر اعظم عمران خان اپنے عزم اس چیلنج سے نبرد آزما ہوئے اور معیشت کی ڈوبتی نبض کو بحال کیا۔ پاکستان کی ہر کامیابی وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں مبتلا اپوزیشن پر بجلی بن کر گرتی ہے اور انہیں پانچ سال اس کا سامنا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر جگہ کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں اور زیر و ٹالرنس پالیسی کی وجہ سے یہ دعوے سے کہا جاسکتا ہے کہ حکومت کی سطح پر کسی طرح کی کوئی کرپشن نہیں اور معاشرے میں اس لعنت سے نفرت کی جارہی ہے۔مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اس ملک میں کرپشن کا بیج بویا اور اس کی آبیاری کی اور اسی کے ذریعے اپنی سیاست کو پروان چڑھایا لیکن اب کرپشن اور لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔ ہمایوں اختر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور اب انفرا سٹر اکچر اور اراکین کے حلقوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رہنما اورکارکن افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ اپنے حلقوں میں عوام کو حکومت کی کامیابیوں سے آگاہ کریں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1