معاشی ترقی کیلئے کوئی جامع پالیسی مرتب نہیں کی جا سکی،پرویز حنیف

  معاشی ترقی کیلئے کوئی جامع پالیسی مرتب نہیں کی جا سکی،پرویز حنیف

  



لاہور(پ ر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس 35سال سے کم عمر کی 65فیصد آبادی معاشی طور پر ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے موثر ذریعہ ہے لیکن بد قسمتی سے ابھی تک اس سے استفادہ کرنے کی کوئی جامع پالیسی مرتب نہیں کی جا سکی،ہمیں اس طرح کی ہنر مندفورس تیار کرنا ہو گی جو مختلف ممالک کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پرویز حنیف نے کہا کہ ملک میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں تربیت دینے والے اداروں کو جوائنٹ ونچر کے تحت یکجا کیا جائے اوران کیلئے ایک پالیسی تشکیل دی جائے۔ بیرون ممالک درکار ہنر مند فورس کے حوالے سے آگاہی حاصل کی جائے اور اس کے مطابق پیشگی تیاری کی جائے۔ میٹرک کے بعد طلباء کا مستقبل کے حوالے سے رجحان دیکھا جائے اورنہ صرف ان کی رہنمائی کی جانی چاہیے بلکہ ریاست انہیں آگے بڑھنے کے لئے آسان شرائط پر وسائل بھی مہیا کرے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے پاکستان سے تین لاکھ سے زائد افرادی قوت مانگی گئی ہے جو خوش آئند ہے لیکن ہمارے پاس اس تعداد میں جد ید ہنر مند فورس نہیں ہو گی جو جاپا ن میں پائی جانے والی جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی رکھتے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ہنر سیکھنے والوں کا باضابطہ امتحان لیا جائے اور اس کا معیار مقرر کیا جائے تاکہ بیرون ممالک میں ہمارے ہنر مندوں مسترد نہ کیا جا سکے۔ ہمیں مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے اپنے نوجوانوں کو روایت سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوج بیسڈ ہنر کی طرف لانا ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1