میانمارفورسزکی فائرنگ سے دوروہنگیا خواتین ہلاک
ینگون(این این آئی) میانمار میں شیلنگ سے دو روہنگیا خواتین کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ فوج نے کہاہے کہ یہ ہلاکتیں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں ہوئیں جبکہ عسکریت پسندوں نے فوج کے ساتھ جھڑپوں کی تردید کی ہے۔میانمار کی فوج کے ترجمان نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایاکہ شمالی ریاست راکھین میں بھاری ہتھیاروں کے استعمال سے ایک روہنگیا خاتون موقع پر ہی ہلاک ہو گئی اور دوسری ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ فوج کے ترجمان نے خواتین کی ہلاکت کی ذمہ داری روہنگیا عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پر عائد کی ہے۔دوسری جانب روہنگیا عسکریت پسند تنظیم اراکان آرمی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اْن کی میانمار کی فوج کے ساتھ کسی قسم کی کوئی لڑائی یا جھڑپ نہیں ہوئی ہے۔
اراکان آرمی نے میانمار فوج کے الزام کو جھوٹ پر مبنی اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔