وزیر اعظم کی ہدایت پر مستحق افراد میں کمبل تقسیم کررہے ہیں،گورنرسندھ
کراچی(این این آئی)وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کراچی کے علاقہ پنجاب گراؤنڈ شاہ فیصل کالونی میں مستحق افراد میں کمبل تقسیم کئے۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مستحق، غریب، نادار اور مالی پریشانی کے شکار افراد میں سردی سے بچاؤ کے لئے کمبل تقسیم کرنے کا مقصد ریاست کے کردار کو واضح کرنا ہے ریاست عوام کے لئے ایک ماں کا درجہ رکھتی ہے جو اپنے عوام کے سماجی، معاشرتی اور معاشی وسائل مہیا کرنے کے لئے بھرپور اقدامات بروئے کار لاتی ہے تاکہ اس کے عوام بہتر زندگی بسر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے واضح ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں غریب افراد میں سردی سے بچاؤ کے لئے کمبل تقسیم کئے جائیں اور یہ اس سلسلہ سردی کے آخری دن تک جاری رہے گا اس ضمن میں قومی و صوبائی اسمبلی اراکین کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کراچی سے شروع کررہے ہیں وزیر اعظم اپنے دورہ کے دوران منتخب نوجوانوں میں چیک بھی تقسیم کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم پیر کو کراچی پہنچیں گے وزیراعظم اپنے شیڈول کے مطابق پیر صاحب پگارا کی والدہ کی عیادت کے لئے کنگری ہاؤس بھی جائیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات طے ہے اور پی ایف میوزیم میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ میں بھی وزیراعظم شرکت کریں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں گورنرعمران اسماعیل نے کہا کہ کوئی اتحادی حکومت سے ناراض نہیں، متحدہ نے وزارت سے استعفیٰ دیا لیکن حکومت کے ساتھ ہے وہ ہمارے اتحادی تھے اور رہیں گے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی سے بھی مشاورت کریں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں اس ضمن میں وفاق پورے صوبہ میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کو تیار ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ آئی جی سندھ پولیس کے معاملہ پر کل پیش رفت متوقع ہے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کی حالیہ رپورٹ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے خود اعتراف کیا کہ رپورٹ 2 برس پرانی ہے جبکہ ہماری حکومت کو ڈیرھ برس ہی ہوا ہے، معیشت بہتری کی جانب گامزن،تمام معاشی اشاریئے اس کی تصدیق کررہے ہیں۔ کراچی میں صفائی ستھرائی کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال پر گورنرسندھ نے کہا کہ کچرا اٹھانا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہے ویسے اختیارات سندھ حکومت کے پاس وہ اس ضمن میں کوئی فیصلہ کرے تو زیادہ بہتر ہوگا۔تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ہٹائے جانے والے پتھارے اور ٹھیلے والوں کو متبادل جگہ کی فراہمی کے سوال پر کہاکہ میئر کراچی کو اس سلسلہ میں اقدامات کرنا چاہئیں۔
گورنر س