نوجوان بزنس مین پنجاب میں مزید سرمایہ کاری کریں، حکومت سپورٹ کرے گی: عثمان بزدار

نوجوان بزنس مین پنجاب میں مزید سرمایہ کاری کریں، حکومت سپورٹ کرے گی: عثمان ...

  



لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران کی سربراہی میں ینگ انٹرپینورز(نوجوان بزنس مینوں) کے وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں کاروبار کی فضا ء انتہائی سازگار ہے۔بزنس فرینڈلی حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ہماری حکومت نے کاروبار کرنے کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔ صنعتکاری اور سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل کو جلد نمٹایا جاتا ہے۔ فائل کو کسی جگہ بلاوجہ نہیں روکا جاتا۔صنعتی سیکٹر کے فروغ کیلئے 10سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں۔ 6سپیشل اکنامک زونز کی منظوری ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ لاہور کے قریب قائداعظم اپیرل پارک کا افتتاح مارچ میں ہوگا۔صوبے میں 4ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بنائی جارہی ہیں۔سپیشل اکنامک زونز میں صنعتکاروں کو انڈسٹری لگانے پر خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ نئے صنعتی زونز کے علاوہ پرانی انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی ڈویلپ کیا جائے گا۔سرمایہ کا روں اورصنعتکاروں کو ہرممکن سہولتیں دیں گے۔ نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ چند سال میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ لاہور،سیالکوٹ موٹر وے کو گوجرانوالہ کے ساتھ لنک کرنے کا جائزہ لیں گے جبکہ فیروزپور روڈ پر لگی انڈسٹریز کو ریگولر کرنے کے حوالے سے قواعد و ضوابط کے مطابق اقدامات کریں گے۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔سردار عثمان بزدارنے کرونا وائرس کے بعض مشتبہ کیس سامنے آنے پر سخت تشویش کااظہار کیا ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ صحت اورصوبائی انتظامیہ کو کرونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت اوردیگر متعلقہ ادارے کرونا وائرس کے حوالے سے چوکس رہیں اورکرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام ضروری اقدامات فی الفور اٹھا ئے جائیں -وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محمد محبوب سلطان،رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ اور رکن پنجاب اسمبلی شہباز احمدنے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل کے لئے ٹھوس میکنزم بنایا گیاہے-وزارت اعلی کامنصب عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے۔ پنجاب اسمبلی میں قلیل مدت کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں کا ترجمان ہوگا۔نئے بلدیاتی نظام میں عوام حقیقی معنوں میں بااختیار ہوں گے۔ نئے بلدیاتی نظام سے پنجاب میں نئی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ سٹیٹس کو ختم کر کے نیا نظام رائج کریں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پہلے بھی سرخرو ہوئے ہیں اب بھی سرخروہوں گے۔ عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔عوامی خدمت کا سفر پوری قوت سے جاری و ساری رہے گا۔ اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول