خیرپور،پاک بزنس ٹرین کی6بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،جانی نقصان نہیں ہوا
خیرپور(بیورورپورٹ)خیرپور میں لاہور سے کراچی آنے والی پاک بزنس ٹرین کی6بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے،حادثے کے بعد اپ لنک بحال جبکہ ڈاؤن لنک ٹریفک کے لیے بند کر دیاگیاہے، حادثے کی شکار ٹرین لاہور سے کراچی آ رہی تھی۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر خیرپورکے قریب واری گوٹھ کے مقام پر پاک بزنس ایکسپریس کوحادثہ پیش آیا جہاں ٹرین کی6بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔حادثے کی شکار ٹرین پنجاب سے کراچی آرہی تھی،ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین کے پٹری سے اترنے کے حادثے کے باعث 500 میٹر تک ٹریک کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ریلوے ذرائع کے مطابق،حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک سے آنے جانے والی ٹرینوں کی آمد ورفت معطل کردی گئی تھی، امدادی کام کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک بحال کردیا گیا۔حادثے کے بعد مختلف ریلوے اسٹیشنز پر ٹرینوں کو روک دیا گیاگیاتھا،ملت اورسرسیدایکسپریس کو روہڑی اسٹیشن،شاہ حسین ایکسپریس کومنڈوڈیرواسٹیشن،سکھرایکسپریس کوٹنڈو مستی اسٹیشن،رحمان باباایکسپریس کومیرپورماتھیلواسٹیشن اور خیبرمیل کو خیرپورمیں روکا گیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین حادثے کی وجوہات کی انکوائری کی جارہی ہے۔