خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام کا فیصلہ
پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخواحکومت نے صوبے میں سب بڑے پن بجلی منصوبے بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ(300میگاواٹ) پرعملی کام کا آغاز کرتے ہوئے منصوبے کے لئے ٹھیکہ داراورکنسلٹنٹ کی تقرری کاعمل شروع کردیا ہے جبکہ صوبے میں پیسکوکی طرزپراپنی ٹرانسمیشن اینڈڈسٹریبوشن کمپنی کے قیام کیلئے بھی کنسلٹنٹ کی تقرری کے لئےTORsیعنی قوائدوضوابط مرتب کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔صوبے کے اپنے وسائل سے تعمیرکردہ4بجلی گھروں ملاکنڈتھری81میگاواٹ،پیہور18میگاواٹ،رانولیا17میگاواٹ اور2.6مچئی سے بجلی کی پیداوار کے لئےO&Mکی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیاگیاہے۔اس سلسلے میں پیڈوبورڈ آف ڈائریکٹرزکے41ویں اجلاس زیرصدارت چیئرمین بورڈ نثارمحمدخان میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اخترسعید ترک،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نصراللہ،چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان،ڈاکٹرحسن ناصر،مصورشاہ،عبدالصدیق اورارباب خدادادکے علاوہ جنرل منیجرہائیڈل زاہد اخترصابری نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغازمیں چیئرمین اوردیگربورڈممبران نے نئے تعینات ہونے والے چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان کی تعیناتی کاخیرمقدم کیااورکہاکہ ریٹائرمنٹ سے پہلے بطورسیکرٹری توانائی انکی ادارے کے لئے گرانقدرخدمات ہیں وہ ایک ایماندارو تجربہ کاربیوروکریٹ رہے ہیں اسلئے امید کی جاتی ہے کہ انکی تعیناتی کے بعد پیڈوکی کارکردگی بہترہوگی اورادارے میں زیرالتواء معاملات کوتیزی سے چلایا جائے گا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوپیڈونعیم خان نے بورڈکویقین دلایا کہ وہ ادارے کے بہترین مفادمیں تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ کرینگے اورتوقعات پر پورااتریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ جلدہی اپناپلان بھی پیش کریں گے۔اجلاس میں فنانس ایکسپرٹ انوارالحق اورٹرانسمیشن لائن ایکسپرٹ شاہد رضاکی تعیناتیوں کی بھی منظوری دی گئی۔بورڈممبران نے پیڈومیں بھرتیوں کے عمل میں شفافیت لانے اورمیرٹ پر تقرریوں پرزوردیتے ہوئے باقاعدہ پالیسی مرتب کرنے کافیصلہ کیاہے۔ اجلاس میں پیڈوکے مختلف جاری منصوبوں پر کام کی رفتارکاجائزہ لیا گیااوربورڈکی آڈٹ کمیٹی کی رپورٹ پرباقاعدگی سے سالانہ آڈٹ کرانے پر زوردیا گیا۔بورڈنے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے بالاکوٹ پن بجلی منصوبے کے ٹھیکہ دار اورخیبرپختونخواٹرانسمیشن اینڈڈسٹری بیوشن کمپنی کے لئے کنسلٹنٹ کی تقرری بارے مالی وتیکنیکی پروپوزل کاجائزہ لینے کی منظوری بھی دی۔