پاک بنگلہ دیش سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو سیریز میں پہلے ہی مہمان ٹیم پر 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے جبکہ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کیلئے میچ جیتنا ضروری ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا,میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق 2 بجے شروع ہو گا،پاکستان کیلئے ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے میچ جیتنا ضروری ہے شکست کی صورت میں پاکستان پہلی پوزیشن سے محروم ہو جائے گا۔
پاکستان اوربنگلہ دیش کی ٹیمیں12 بجے کے قریب قذافی سٹیڈیم پہنچیں گی،دونوں ٹیمیں قذافی سٹیڈیم میں وارم اپ سیشن میں حصہ لیں گی ،پاک بنگلہ دیش تیسرے ٹی 20 میچ کیلئے ٹاس ڈیڑھ بجے ہوگا،شائقین کرکٹ کی قذافی سٹیڈیم آمد کا سلسلہ 11 بجے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شعیب ملک کی شاندار نصف سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی نے مزید بہتر کھیل پیش کیا اور محمد حفیظ اور بابر اعظم کی ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت 9 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔
سیریز میں کل آرام کا دن تھا اور بنگلادیش کے کھلاڑیوں نے کل کا پورا دن اپنے ہوٹل میں ہی گزارا۔کھلاڑیوں نے ہوٹل میں مختلف سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ میچ کی حکمت عملی بھی بنائی۔