"وزیرخارجہ سارا پیسہ لے جاتے ہیں اور ہمیں ۔ ۔ ۔ " رکن اسمبلی کی وزیراعظم کو شکایت لیکن پھر شاہ محمود قریشی نے کیا کہا؟ تفصیلات مںظر عام پر

"وزیرخارجہ سارا پیسہ لے جاتے ہیں اور ہمیں ۔ ۔ ۔ " رکن اسمبلی کی وزیراعظم کو ...

  



لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھی شکایت لگا دی گئی اور ملتان سے رکن اسمبلی نے کہا کہ سارا  فنڈ شاہ محمود قریشی اور عامر ڈوگر لے جاتے ہیں، انہیں کچھ نہیں ملتا تاہم شاہ محمود قریشی  نے اس الزام کی تردید کی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعظم کی زیرصدارت ہونیوالے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے اجلاس کے دوران  ملتان سے رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈیہر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور عامر ڈوگر پر الزام لگایا کہ دونوں ارکان اسمبلی ان کے حلقے میں مداخلت کررہے ہیں۔ شاہ محمود سارے فنڈز لے جاتے ہیں اور ہمیں کچھ نہیں ملتا۔ جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ الزام غلط ہے، حقیقت یہ ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں انہوں نے ہی احمد حسین کو پارٹی ٹکٹ دینے کی سفارش کی تھی۔

اجلاس کے دوران ہی تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے بجلی کے زائد بلوں پر شدید تنقید کی، انہوں نے کہا کہ حلقے میں ہماری اور بزرگوں کی 100 سال کی عزت تھی وہ بھی چلی گئی ، حلقے کے عوام ہمیں مارنے کے درپے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں مہنگائی کا بھی احساس ہے،ہم قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ سابق حکومتوں نے پاکستان کو بے دردی سے لوٹا اور عوام کو غربت اور بے روزگاری کے اندھیروں میں دھکیل دیا، جو انتظامی، سماجی، معاشی اور اقتصادی تبدیلیاں ہم لے کر آ رہے ہیں ان سے ملک ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہوگا، قوموں کی زندگیوں میں نشیب و فراز آتے ہیں۔ لیکن ہمیں ہمت اور دلیری سے حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ پاکستان درست سمت میں رواں دواں ہے، 2019 معیشت کو سنبھالنے اور استحکام کا سال تھا۔ 2020 انشا اللہ ترقی کا سال ہوگا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے عثمان بزدارکی تبدیلی کے حوالے سے قیاس آرائیوں کومسترد کردیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر بھرپور اعتماد ہے، مجھے پتہ ہے سازش کون کررہا ہے اور اس کے پیچھے کون ہے، عثمان بزدارکو کسی صورت نہیں ہٹاؤں گا،عثمان بزدارہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے۔عثمان بزدارکی تبدیلی سے پنجاب میں پارٹی ختم ہوجائے گی۔عثمان بزدارکو ہٹایا تو نئے وزیراعلیٰ کو بھی ایسے ہی ہٹادیا جائے گا، وہ 20 روز بھی نہیں چل سکے گا۔

اس دوران ملک فاروق اعظم نے کہا کہ عثمان بزدار سے اچھا وزیراعلی پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا۔ رکن اسمبلی طالب نکئی نے بھی وزیراعلی پنجاب کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعلی نے 4 مرتبہ ان کے حلقے کا دورہ کیا۔

مزید : سیاست /علاقائی /پنجاب /لاہور /ملتان