”پاکستان میں سیکیورٹی شاندار تھی اور۔۔۔“ بھارتی کرکٹ بورڈ کی کس شخصیت نے تعریف کر دی؟ جان کر آپ بھی یقین نہ کر پائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آخری میچ بھلے ہی بارش کے باعث منسوخ ہو گیا مگر یہ دورہ کامیابی سے مکمل ہونے پر پاکستان نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی جانب ایک اور قدم بڑھا دیا ہے۔
پوری دنیا میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مستقبل میں کئی دیگر ٹیموں کے دورہ پاکستان کا امکان بھی روشن ہے مگر بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی امید نہ ہونے کے برابر ہے جس کی بڑی وجہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات ہیں لیکن سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کے صدر بننے کے بعد سے ایک مرتبہ پھر دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز کی بحالی کی امیدیں بھی جاگ گئی ہیں۔
سارو گنگولی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے 2004ءمیں دورہ پاکستان کے وقت فراہم کی گئی سیکیورٹی کی زبردست الفاظ میں تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی بہت زبردست تھی اور ہم بہت پراطمینان تھے۔ ہم نے پاکستان کو ہوم گراﺅنڈ پر شکست دینے کیلئے یہ دورہ کیا تھا کیونکہ ہم جانتے تھے کہ ہم یہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک رات میں انتظامیہ کو بتائے بغیر ہی ٹیم ہوٹل سے غائب ہو گیا کیونکہ میں سیکیورٹی کے بغیر باہر گھومنا پھرنا چاہتا تھا اور اس دوران میں نے کباب بھی کھائے مگر جلد ہی پکڑا بھی گیا لیکن میں نے اس دورے کے دوران بہت لطف اٹھایا، حتیٰ کہ پوری ٹیم نے بہت مزہ کیا تھا۔