سنگاکارا کی قیادت میں پاکستان آنے والی ایم سی سی کی ٹیم پی ایس ایل کی کن 2 فرنچائزز کیخلاف میچز کھیلے گی؟ زبردست اعلان ہو گیا

سنگاکارا کی قیادت میں پاکستان آنے والی ایم سی سی کی ٹیم پی ایس ایل کی کن 2 ...
سنگاکارا کی قیادت میں پاکستان آنے والی ایم سی سی کی ٹیم پی ایس ایل کی کن 2 فرنچائزز کیخلاف میچز کھیلے گی؟ زبردست اعلان ہو گیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ اگرچہ بارش کے باعث ختم ہو گیا ہے مگر اس کیساتھ ہی یہ دورہ کامیابی سے اپنی تکمیل کو پہنچا ہے اور اب اگلے مہینے سری لنکا کے مایہ ناز سابق کپتان کمار سنگاکارا کی قیادت میں میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم نے پاکستان پہنچنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کے مطابق ایم سی سی کرکٹ ٹیم 13 فروری میں لاہور پہنچے گی جس کی قیادت کمار سنگاکارا کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روی بوپارا، سمت پٹیل اور معین علی جیسے کھلاڑیوںکی شمولیت کا امکان بھی ہے۔

ایم سی سی ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران ناصرف ڈومیسٹک ٹی 20 کپ کی فاتح ٹیم ناردرن کیخلاف میچ کھیلے گی بلکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیموں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کیخلاف بھی ایک، ایک میچ میں نبردآزما ہونے کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مدمقابل بھی ہو گی۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ ”ایم سی سی قذافی سٹیڈیم لاہور میں نیشنل ٹی 20 کپ جیتنے والی ٹیم ناردرن کیخلاف دو میچز کھیلے گی جس میں روحیل نذیر اور حیدر علی بھی شامل ہوں گی۔ اس کے بعد ایچی سن کالج میں ملتان سلطانز اور لاہو رقلندرز کیساتھ بھی ایک، ایک میچ ہو گا۔“

یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ ایم سی سی ٹیم میں شامل روی بوپارہ، معین علی اور سمت پٹیل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کا حصہ بھی ہیں۔ معین علی اور روی بوپارہ نے ملتان سلطانز کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے جبکہ سمت پٹیل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنی ہے۔

مزید : کھیل