بنگلہ دیشی ٹیم سیریز ہار گئی مگر کپتان محمود اللہ نے دل جیت لئے، سیریز ختم ہوتے ہی زبردست بیان دیدیا

بنگلہ دیشی ٹیم سیریز ہار گئی مگر کپتان محمود اللہ نے دل جیت لئے، سیریز ختم ...
بنگلہ دیشی ٹیم سیریز ہار گئی مگر کپتان محمود اللہ نے دل جیت لئے، سیریز ختم ہوتے ہی زبردست بیان دیدیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان محمود اللہ ریاض نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان میں کھیل کر بہت مزہ آیا اور سیکیورٹی تو بہت ہی شاندار تھی جس سے پوری طرح مطمئن ہیں، امید ہے اس وجہ سے ٹیسٹ میچ میں کہیں زیادہ بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا اور اس کیساتھ ہی یہ دورہ بھی تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔ محمود اللہ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”میں پہلے بھی یہاں آ چکا ہوں اور لاہور بہت شاندار شہر ہے جس کے باسیوں کی میزبانی بے مثال ہے، سیکیورٹی کے عمدہ انتظامات تھے اور امید ہے کہ ہم راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں کہیں زیادہ بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔“

محمود اللہ ٹی 20 سیریز میں بطور کپتان اپنی کارکردگی سے مطمئن نظر نہیں آئے جن کا خیال ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ میں تسلسل کیساتھ کچھ مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا ”اس فارمیٹ میں ہمیں بہت بہتری کی ضرورت ہے کیونکہ ہم رینکنگ میں نوویں نمبر پر ہیں، ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے تاہم انہیں مزید وقت دینا ہو گا۔“

انہوں نے مزید کہا کہ ”میں ہمیشہ سے یہ محسوس کرتا ہوں کہ پاکستان فاسٹ باﺅلرز پیدا کرنے کی فیکٹری ہے۔ حارث اور شاہین نے پرانے اور نئے گیند سے باﺅلنگ کرانے کی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ پہلے میچ میں وکٹ دیکھنے کے بعد دوسرے میچ میں ہمیں مختلف مائنڈ سیٹ کیساتھ کھیلنا چاہئے تھا۔“

مزید : کھیل