وزیر اعلیٰ پنجاب کا انوکھا اقدام، سرکاری کاٹھ کباڑ بیچ کر کروڑوں کا فائدہ پہنچادیا

وزیر اعلیٰ پنجاب کا انوکھا اقدام، سرکاری کاٹھ کباڑ بیچ کر کروڑوں کا فائدہ ...
وزیر اعلیٰ پنجاب کا انوکھا اقدام، سرکاری کاٹھ کباڑ بیچ کر کروڑوں کا فائدہ پہنچادیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے سرکاری دفاتر میں جمع کاٹھ کباڑ ، بے کار مشینری اور ناکارہ گاڑیوں کی نیلامی کر کے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچا دیا۔ یہ ملک کی واحد صفائی مہم ہے جس کیلئے فنڈز جاری کرنے کی بجائے پنجاب حکومت نے فنڈز جنریٹ کرلئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کچھ عرصہ قبل پنجاب پولیس سمیت سرکاری محکموں، کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی تھیں کہ دفاتر میں موجود بے کار سامان، ناکارہ مشینریوں اور گاڑیوں کی قوائد کے مطابق فوری نیلامی کی جائے۔ سرکاری دفاتر میں سالوں سے موجود کباڑ کا ڈھیر نہ صرف دیکھنے میں برا لگتا تھا بلکہ ماحول کی آلودگی کا سبب بھی بنتا تھا، اکثر دفاتر میں سٹور رومز نے ملازمین سے زیادہ جگہ گھیر رکھی تھی جس سے عملے کو کام کرنے میں دقت کا سامنا تھا اور دفاتر میں آنے والے سائلین کیلئے بیٹھنے کی مناسب جگہ بھی موجود نہیں تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے تمام تھانوں سمیت آئی جی آفس میں 2 فیزوں میں کی جانے والی نیلامی سے حکومتی خزانے کو اب تک 25 کروڑ روپے کا فائدہ ہو چکا ہے اور 32 سرکاری محکموں سمیت 9 کمشنرز اور 24 ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر سے بے کار فرنیچر، مشینری اور گاڑیوں کی نیلامی سے مزید 25 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نیلامی کے عمل کو جلد از جلد قانون کے مطابق مکمل کیا جائے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور