عدالت میں پیش ہو کر چیف جسٹس کو بتاﺅں گا کہ ریلوے میں کوئی کرپشن نہیں: شیخ رشید

عدالت میں پیش ہو کر چیف جسٹس کو بتاﺅں گا کہ ریلوے میں کوئی کرپشن نہیں: شیخ ...
عدالت میں پیش ہو کر چیف جسٹس کو بتاﺅں گا کہ ریلوے میں کوئی کرپشن نہیں: شیخ رشید

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وہ منگل کو عدالت میں پیش ہو کر چیف جسٹس کو بتائیں گے کہ ریلوے میں کوئی کرپشن نہیں ہے۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس گلزار احمد نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریلوے کو کرپٹ ترین ادارہ قرار دیا تھا۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کے دور میں ریلوے میں کرپشن نہیں ہورہی، پہلے کے دور میں ہوئی ہوگی، منگل کو سپریم کورٹ میں پیش ہو کر چیف جسٹس کو ریلوے میں کرپشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ ریلوے میں کوئی کرپشن نہیں ہے۔ عمران خان کے دور میں کرپشن نہیں ہورہی، کابینہ بھی کرپشن سے پاک ہے، ریلوے نے ایک روپے کی درآمد نہیں کی تو کرپشن کہاں سے آگئی، ریلوے کا 40 ارب کا خسارہ 32 ارب پر لے آئے ہیں اور 5 سال میں خسارہ مکمل ختم کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوستی بھی نمبر ون اور دشمنی بھی نمبر ون سے کرتا ہوں، ہماری ایسی سیاست نہیں کہ عدالتوں سے ٹکراﺅں کریں ، حکومت کے چلاﺅ میں ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہیں، اداروں سے معاملات ٹھیک چل رہے ہیں ۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ق لیگ حکومت کے ساتھ آخر تک کھڑی ہوگی لیکن ایم کیو ایم کے بارے میں یقین کے ساتھ ایسا نہیں کہا جاسکتا، حیرت ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی گئے اور ایم کیو ایم سے ملاقات نہیں کی، انہیں ملاقات کرنی چاہیے تھی۔

پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتوں کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کسی صوبے سے کوئی بڑی خبر نہیں آنے والی ، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عاطف خان پی ٹی آئی کا اہم رکن ہے اس کے پاس وزارت ہونے یا نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح کہہ دیا ہے کہ عثمان بزدار ہی وزیر اعلیٰ رہیں گے۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی