مریم نواز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی تو علی محمد خان آگ بگولہ ہو گئے ، مسلم لیگ نون کو کھری کھری سنا دیں
اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وفد سے ملاقات کا وعدہ کرنے کے باوجو ’غیر منتخب شخصیت‘ کی صدارت میں اجلاس میں شر کت کی تاہم ہمارے انتظار کے باوجود نون لیگ والے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، پھر ہمیں کہا جاتا ہے کہ ووٹ کو عزت دو، آپ نےبڑی عزت دی ووٹ کو، لاکھوں ووٹ لینے والوں نے ایک غیر منتخب شخصیت کے نیچے اس مقدس پارلیمنٹ ہاؤس میں شرکت کی۔
قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئےعلی محمدخان نے کہا کہ جب آپ لوگ بھی کوئی وعدہ کریں تو پورا کریں،پچھلے ہفتے آپ لوگوں نے وعدہ کیا تھا کہ آپ لوگ آئیں گے اور پارلیمنٹ کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے سپیکر آفس میں بیٹھ کر تبادلہ خیال ہو گا، ہم لوگ سپیکر کے دفتر میں آئے، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے دیگر لوگ بھی آئے لیکن نہیں آئے تو مسلم لیگ (ن) کے لوگ نہیں آئے، پتہ نہیں انہیں مائیک کے سامنے آئین یاد آجاتا ہے جیسے ہی باہر جاتے ہیں سب کچھ بھول جاتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کم از کم آپ کو بتانا ضروری تھا کہ کیوں نہیں آرہے کیونکہ کوئی شریف آدمی وعدہ کرتا ہے تو پورا کرتا ہے اور قرآن بھی کہتا ہے کہ وعدہ کرو تو پورا کرو، تو ہم آپ لوگوں کا انتظار کرتے رہے تاہم آپ لوگ پتہ نہیں کدھر تھے؟۔
علی محمد خان نے کہا کہ آپ لوگ شاید وہاں تھے جہاں ایک غیر منتخب شخصیت اپوزیشن کے 100 اراکین کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں، پھر ہمیں کہا جاتا ہے کہ ووٹ کو عزت دو، آپ نےبڑی عزت دی ووٹ کو، لاکھوں ووٹ لینے والوں نے ایک غیر منتخب شخصیت کے نیچے اس مقدس پارلیمنٹ ہاؤس میں شرکت کی۔اُنہوں نے کہاکہ آپ بے شک جا کر مسلم لیگ (ن) کے سینٹرل آفس میں اجلاس کریں تاہم جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو کا تقاضا ہے کہ اس مقدس ایوان کے سائے میں جتنے اجلاس ہوں منتخب لوگوں کی صدارت منتخب لوگ کریں۔