ہنگوٹاؤن شپ کیلئے 9108امیدواروں کی قرعہ اندازی میں ناموں کا اعلان 

ہنگوٹاؤن شپ کیلئے 9108امیدواروں کی قرعہ اندازی میں ناموں کا اعلان 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیرِ ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کی سربراہی و ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلیز کی موجودگی میں محکمہ ہاوسنگ خیبر پختونخوانے ہنگو ٹاون شپ کیلئے 9128 امیدواروں کی قرعہ اندازی کے بعد حتمی ناموں کا اعلان کردیا گیا۔ وزیر موصوف نے صوبائی محکمہ ہاوسنگ کا منصوبوں میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین، اوورسیز پاکستانیوں، بیواوٗں، معذور افراد، اقلیتی برادری اور صحافیوں کیلئے کوٹہ مختص کرنا احسن اقدام گردانتے ہوئے محکمہ ہاوسنگ کا قرعہ اندازی کے ہدف کو بر وقت عملی جامہ پہنانے اور خیبر پختونخوا کے عوام کیساتھ ایک اور وعدے کی تکمیل بر وقت یقینی بنانے پر متعلقہ افسران کی کوششوں کو سراہا۔ِ قرعہ اندازی کی تقریب میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اوقاف ظہور شاکر، معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ, ایم این اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم خیال زمان، رکن صوبائی اسمبلی شاہ فیصل اور سیکرٹری و ڈی جی ہاوسنگ بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی ہاوسنگ عمران وزیر نے بتایا کہ 8354کنال اراضی میں کل10280پلاٹس ہے جو کہ تین، پانچ، دس مرلے،ایک کنال اور دو کنال کے پلاٹس پر مشتمل ہے۔صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرعہ اندازی میں 843 پلاٹس اوورسیز پاکستانیوں جبکہ 6256 پلاٹس سرکاری ملازمین اور اقلیتی برادری کے 51پلاٹس نکل آئے ہیں۔تقریب کے موقع پر وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اوقاف ظہور شاکر، ایم این اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم خیال زمان اور ممبر صوبائی اسمبلی شاہ فیصل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 9706.742 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ہنگو ٹاون شپ کی بدولت نہ صرف ضلع ہنگو میں بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔ بلکہ کم آمدنی والے و بے گھر افراد کافی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں۔معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر ذادہ نے بھی وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان اور ڈاکٹر امجد علی کا اقلیتی برادری کیلئے ہنگو ٹاون شپ میں کوٹہ مختص کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کیمطابق بے گھر و کم آمدنی والے افراد کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ صوبہ میں جاری تمام ہاوسنگ سکیمز پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور اس حوالے سے محکمہ ہاوسنگ لوگوں کیلئے تمام ممکن آسانیاں پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے. ڈی جی ہاوٗسنگ نے قرعہ اندازی میں کامیابی پانے والے خوش قسمت پلاٹس مالکان کو اگلے پیر کے روز سے صوبائی محکمہ ہاوسنگ کے ڈویژنل اور مرکزی دفتر سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی۔آخر میں شرکاء تقریب نے قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پانے والے افراد کو مبارک باد دی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -