ایل ڈی اے، 4ہزار اپارٹمنٹس کے الا ٹمنٹ کی ثمری منظوری کیلئے وزیراعلیٰ کو بھیجنے کا فیصلہ 

  ایل ڈی اے، 4ہزار اپارٹمنٹس کے الا ٹمنٹ کی ثمری منظوری کیلئے وزیراعلیٰ کو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(اپنے نمائندے سے) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں تعمیر کئے جانے والے چار ہزار اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار،الاٹیوں سے وصول کی جانے والی قیمت،درخواست گزاروں کی اہلیت کے معیار اور الاٹمنٹ کی شرائط وضوابط کی منظوری پنجاب کابینہ سے حاصل کرنے اور اس مقصد کے لئے وزیرا علیٰ پنجاب کو سمری ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے- سال 2021ء میں ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے شرکاء کوایجنڈا کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں متوقع الاٹیوں کو لیٹر آف کمفرٹ دینے،انہیں اپارٹمنٹس خریدنے کے لئے قرضے جاری کرنے اور اس رقم کو منصوبے کے لئے بنائے جانے والے خصوصی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بینک آف پنجاب کے در میان معاہدے کے ڈرافٹ کی منظوری دی گئی-بینک کی طرف سے مہیا کی جانے والی رقوم رکھنے کے لئے خصوصی Escrow اکاؤنٹ کھولنے اور اسے آپریٹ کرنے کے لئے ریگولیشنز کی بھی منظوری دی گئی۔یہ رقوم اپارٹمنٹس کی تعمیر کے علاوہ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کی جا سکیں گی۔اجلاس میں ایل ڈی اے کی رہائشی سکیموں میں واقع پلاٹوں کی ملکیت اور ٹرانسفر وغیرہ کے معاملات کم سے کم وقت میں بہتر طور پر انجام دینے کے لئے ایل ڈی اے ہاؤسنگ ونگ کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا۔