نیورو انسٹی ٹیوٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر، 4سینئر رجسٹرار تعینات

  نیورو انسٹی ٹیوٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر، 4سینئر رجسٹرار تعینات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر)محکمہ سپیشلائزڈو ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پنجاب پبلک سروس کمیشن سے منتخب ہونے والے ایک اسسٹنٹ پروفیسر اور 4سینئر رجسٹرار زکوپی آئی این ایس میں تعینات کر دیا۔ڈاکٹر محمد حسن رضا اسسٹنٹ پروفیسر جبکہ سینئر رجسٹرار زمیں ڈاکٹر حسن علی کھوسہ، ڈاکٹر محمد اشفاق، ڈاکٹر عمران علی اور ڈاکٹر حسان ہاشمی نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنزپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے پی پی ایس سی کے ذریعے تعینات ہونے والے ان ڈاکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی، خدمت انسانی اور میڈیکل تقاضوں کے مطابق ذمہ داری کے ساتھ انجام دے کر انسٹی ٹیوٹ کی نیک نامی کا باعث بنیں گے۔
پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ ڈاکٹری پیشہ انتہائی مقدس ہے اور اس سے وابستہ افراد کو اپنے مالی منفعت کی بجائے انسانیت کی خدمت کو ترجیح اور اللہ کی خوشنودی کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت سے وابستہ افراد دنیا میں اپنے ہنر سے بہترین کمائی کے ساتھ ساتھ آخرت بھی حاصل کر سکتے ہیں جس کی وجہ سے معاشرہ اُن کو انتہائی احترام کی نظر سے دیکھتا ہے۔پروفیسر خالد محمود نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ بیمار افراد کو اُن سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جس کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں برؤئے کار لائیں اور د ن رات دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کے ساتھ اُن کی امیدوں پر پورا اتریں۔   گزشتہ روز نئے تعینات ہونے والے ڈاکٹرز کے اعزاز میں نیورو سرجری یونٹ 1-میں استقبالیہ بھی دیا گیا جس میں سینئر و نوجوان ڈاکٹرز نے کثیرتعداد میں شرکت کی اور اُن کو مبارکباد دی جبکہ تعینات ہونے والوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس مقدس شعبے کی لاج رکھیں گے اور ادارے کی نیک نامی کے لئے کوشاں رہیں گے۔انہوں نے اپنی تقرری پر مسرت کا اظہار کیا اور اس کامیابی کو اپنے والدین کی دعائیں اور اساتذہ کی محنت قرار دیا۔