پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے جنت بن چکا، کوئی فائل کسی بھی جگہ نہیں رکتی: عثمان بزدار

  پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے جنت بن چکا، کوئی فائل کسی بھی جگہ نہیں رکتی: عثمان ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی - وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری پرگہری دلچسپی کا اظہارکیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے جنت بن چکا ہے۔ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر ایک چھت تلے سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔تعمیراتی شعبے کیلئے متعدد مراعات دی گئی ہیں اورسرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔کابینہ نے لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔اتھارٹی والٹن ائیرپورٹ اورگرد ونواح میں بزنس سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کام کرے گی۔اتھارٹی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری سے متعلق کوئی فائل کسی بھی جگہ نہیں رکتی۔صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلقہ تمام امور کا خود جائزہ لیتا ہوں۔سرمایہ کاروں کے وفد نے وزیر اعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آپ کی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بہترین اقدامات کیے ہیں اورہم پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے آپ کے اقدامات کی ستائش کرتے ہیں۔ وفد کی قیادت تعاون پرائیویٹ لمٹیڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر تنویر حسین اعوان کررہے تھے -ڈائریکٹر سلمان ناصر عبداللہ،ایڈوائزرشہباز خان،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجو تھے - سردار عثمان بزدار سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنجے بن حسائن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے کے سماجی وانفراسٹرکچر کے شعبوں کی بہتری کیلئے جاری پروگرام پر ہونے والی پیشرفت پر بات چیت کی گئی جبکہ ڈویلپمنٹ فریم ورک 2022-26 کے تحت اہداف کے حصول کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا-عالمی بینک اور پنجاب حکومت نے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا - وزیر اعلی عثمان بزدار نے عالمی بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک پنجاب حکومت کااہم ترین ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے - مختلف شعبوں میں مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی بنائیں گے- ڈویلپمنٹ فریم ورک 2022-26 کے تحت اہداف حاصل کئے جائیں گے -انہوں نے کہا کہ بچوں میں غذائیت کی کمی کو دور کرنے کے لئے جامع پلان پر کام کر رہے ہیں - صوبے میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو نچلی سطح تک بہتر بنایا جا رہا ہے - یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھا یا جائے گا- سردار عثمان بزدار سے 90 شاہراہ قائد اعظم پر بلوچستان کے وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمن کھیتران کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی- 12 رکنی وفدمیں بلوچستان کے مختلف علاقوں کے عمائدین اور معززین شامل تھے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے بلوچستان سے آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا -صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران اور وفدنے وزیر اعلی عثمان بزدار کو کورونا سے صحت یابی پر مبارکباددی- بلوچستان سے آنے والے وفد کے شرکاء نے وزیر اعلی عثمان بزدار کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے آنے والے مہمان ہمارے لئے بے حد محترم ہیں - پنجاب کے عوام بلوچستان سمیت پاکستان کے ہر خطے کے لوگوں سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں - بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی بھی پنجاب کی طرح عزیز ہے - ہماری حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بلوچستان میں تعلیم اور صحت کے مختلف منصوبے شروع کئے ہیں - خیبر پختونخواحکومت کے ساتھ بھی تعاون کر رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے یکساں مواقع کے ویژن پر عمل پیرا ہیں - ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے بارکھان اور دیگر علاقوں کے عوام بھی مستفید ہوں گے-کوہ سلیمان کے علاقوں میں موٹر سائیکل ایمبولینس سروس شروع کی جا رہی ہے - کوہ سلیمان میں صحت کی سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے - کوہ سلیمان میں بجلی اور 4 جی نیٹ ورک پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے -کوہ سلیمان کے 13 دروں پر چھوٹے ڈیم بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے -سنگھڑ ندی سے میگا ڈیم بنا کر پانی کی ضروریات پوری کرنے کا اہتمام کریں گے - کوہ سلیمان کے علاقوں میں امن و امان یقینی بنانے کے لئے بلوچ لیویز اور بارڈر ملٹری پولیس میں بھرتیاں کر رہے ہیں - صوبائی وزیر بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب ترقی کررہا ہے اور آپ پنجاب کے بہترین وزیر اعلی ثابت ہو رہے ہیں - وفد کے شرکاء نے وزیر اعلی پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار سرزمین کے قابل فخر فرزندہیں -

عثمان بزدار

 لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط احمد خان ڈاھا نے ملاقات کی جس میں حلقے کے مسائل کے حل اور ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کے حوالے سے گفتگوکی گئی-نشاط ڈاھانے وزیر اعلی عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی- نشاط ڈاھا نے وزیر اعلی عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا - وزیر اعلی عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ منتخب نمائندوں کیلئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں - عوام کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے - عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں۔ عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔پی ڈی ایم والے ملک کو پیچھے کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں -پی ڈی ایم کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا - رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاھا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ احترام دیا ہے- آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی ہے - عوامی مسائل کے حل کیلئے آپ ذاتی دلچسپی لیتے ہیں -

مزید :

صفحہ اول -