فضل الرحمن کے نواز شریف، زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ، حکومت مخالف تحریک میں تیزی لانے پر اتفاق

          فضل الرحمن کے نواز شریف، زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ، حکومت مخالف ...

  

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کسی کیساتھ مذاکرات نہیں کر رہی،ہمارے ساتھ اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو ہمارے مطالبات پورے کر کے آئے، دونوں رہنماؤں کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے لیکن مقصد ایک ہے۔منگل کومولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسمبلیوں میں تحریک عدم اعتماد کا آپشن پیپلز پارٹی کا ہے اور پیپلز پارٹی کو کہا ہے کہ وہ عدم اعتماد پر دیگر جماعتو ں کو اعتماد میں لے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن مشترکہ طورپر لڑنے کی تجویزہے جس پر بات چیت ہو رہی ہے، پی ڈی ایم میں سب جماعتوں کا اپنا اپنا موقف ہے لیکن فیصلے مشترکہ اور متفقہ ہوتے ہیں۔ فضل الرحمن نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری سے تواتر سے رابطہ ہوتا رہتا ہے، دونوں رہنما ء حکومت کی رخصتی پر مکمل اتفاق رکھتے ہیں اور دونوں رہنماؤں کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے لیکن مقصد ایک ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور آصف زرداری سے مولانا فضل الرحمن کاٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پانچ فروری کو پی ڈی ایم کا جلسہ راولپنڈی لیاقت باغ سے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نواز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی عدم اعتماد کی تحریک کی تجویز کی سخت مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ اس قسم کی تجاویز کا مقصد حکومت کو دوام بخشنا ہے اور ن لیگ اس کی کبھی حمایت نہیں کرے گی جس پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس معاملے پر چار فروری کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں بات کریں گے اور چاہتے ہیں کہ تمام معاملات افہام وتفہیم سے آگے بڑھیں۔ مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور حکومت مخالف تحریک میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔مولانا فضل الرحمن نے پیپلز پارٹی کی جانب سے عدم اعتماد کی تجویز پر اپنی پارٹی اور نواز شریف کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ٹیلی فونک رابطے میں 5فروری کو پی ڈی ایم جلسے سے متعلق اور سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فضل الرحمن 

مزید :

صفحہ اول -