وزیراعظم اور وزیر اعلٰی کی قیادت میں سیاسی بونوں کو سرپرائز دیتے رہیں گے: فردو س عاشق
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عقل کی اندھی راجکماری اور اس کی کنیزاؤں کو کوئی سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن پر ایک بار پھر راجکماری اور اس کی کنیزاؤں نے تھوک کر چاٹا ہے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ یہ چور کبھی استعفے دیں گے نہ لانگ مارچ کریں گے بلکہ سینیٹ الیکشن میں بھی حصہ لیں گے۔راجکماری نے آرپار، استعفوں اور لانگ مارچ کی جتنی تاریخیں دی ہیں اس کے بعد سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔جعلی راجکماری جعلی دستخط کرنے کی طرح تاریخیں دینے کی بھی ماہر نکلی ہیں۔ عوام نے منافقوں کے اس ٹولے کی منفی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے۔کنیزاول اور کنیز دوئم کے چہروں پر صرف مایوسی نظر آتی ہے۔کنیز دوئم کی حالت قابل رحم ہے۔وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ان سیاسی بونوں کو سرپرائز دیتے رہینگے،ان لوگوں نے کورونا وباء کے دوران عوام کی زندگیوں کی کوئی پراوہ نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی لاپرواہی کے باعث کورونا کے مرض میں اضافہ ہوا۔پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے700 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے40مریض انتقال کر گئے۔پنجاب میں اموات کی مجموعی تعداد 4608 ہو چکی ہے۔
فردوس عاشق