پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ،پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز فواد عالم نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی 

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ،پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز فواد عالم نے پاکستان کی ...
پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ،پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز فواد عالم نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی 
سورس:   Twitter

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روزکے اختتام پر پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بنا لیے ۔دوسرے روز فواد عالم نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے پریشر والی صورتحال میںشاندار سنچری سکور کی ۔

تفصیل کے مطابق تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے جنوبی افریقہ کے 220 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز بنائے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے عابد علی اور ڈیبیو میچ کھیلنے والے عمران بٹ نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف پانچ کے مجموعی سکور پر عابد علی چار رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 

مجموعی سکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد ہی عمران بٹ کاگیسو ربادا ہی کی گیند پر کیغان پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 25 گیندوں پر نو رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم آئے تو وکٹ رکنے کی امید پیدا ہوئی لیکن وہ 30 گیندوں پر صرف سات رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تین وکٹیں گنوانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو بطور نائٹ واچ مین بھیجا گیا لیکن وہ کوئی رن سکور کئے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ 

ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز فواد عالم اور اظہر علی نے 33 رنز چار کھلاڑی آوٹ سے اننگز کا آغاز کیا اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 94 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 121 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر اظہر علی کیشو مہاراج کے جال میں پھنس گئے اور 151 گیندوں پر 51 رنز بنا کر کوینٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 176 کے مجموعی سکور پر گری اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 33 رنز بنا کر لونگی نگیڈی کی گیند پر فاف ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے 278کے مجموعی سکور پر ساتویں وکٹ فواد عالم کی گری جنہوں نے انتہائی ذمہ دارانہ اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناصرف ٹیسٹ کیرئیر کی تیسری سنچری مکمل کی بلکہ قومی ٹیم کی میچ میں پوزیشن بھی مضبوط کر دی تاہم 278 کے مجموعی سکور پر وہ لونگی نگیڈی کی گیند پر ٹیمبا باووما کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 245 گیندوں پر دو چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔ آٹھویں وکٹ فہیم اشرف کی گری جو 64رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔دوسرے روز کے اختتام پر حسن علی 11رنز کے ساتھ اور نعمان علی 6رنز کے ساتھ پچ پر مو جود ہیں ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے تمام باولرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور فاسٹ باولر کاگیسو ربادا، سپنر کیشو مہاراج، لونگی نگیڈی اور اینرچ نورٹجے نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی باولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کو پہلی اننگز میں 220 رنز پر آوٹ کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی نے دو شکار کئے۔ جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 30 رنز جوڑے تاہم

اس موقع پر قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلاتے ہوئے ایڈن مارکرم کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 16 گیندوں پر 13 رنز بنا کر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 

جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 63 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ریسی وینڈرڈوسن نے فہیم اشرف کی گیند پر بھاگ پر رن لینے کی کوشش کی مگر دوسرے اینڈ پر موجود ڈین ایلگر نے ان کی کال کو مسترد کر دیا جس پر انہیں آدھی وکٹ سے واپس جانا پڑا تاہم اس سے پہلے ہی محمد رضوان نے بابراعظم کی زبردست تھرو پکڑتے ہوئے انہیں رن آوٹ کر دیا، وہ 30 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا سکے۔ 

ڈین ایلگر اور فاف ڈوپلیسی نے چائے کے وقفے کے بعد 94 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو 108 کے مجموعی سکور پر لیگ سپنر یاسر شاہ نے قومی ٹیم کو تیسری اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے فاف ڈوپلیسی کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ وہ 46 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ ڈیبیو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نعمان علی نے بھی اپنی مہارت کے جوہر دکھائے اور 133 کے مجموعی سکور پر کپتان کوینٹن ڈی کوک کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر مجموعی سکور میں محض تین رنز کے اضافے کے بعد ہی ڈین ایلگر کو بھی آوٹ کر دیا، دونوں کھلاڑی بالترتیب 15 اور 58 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ مہمان ٹیم کی چھٹی وکٹ 179 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ٹیمبا باووما 17 رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔ 

چائے کے وقفے کے بعد پروٹیز کی جانب سے کیشو مہاراج اور جارج لینڈے نے اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں بغیر کسی اضافے کے یاسر شاہ نے کیشو مہاراج کو صفر کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ 194 کے مجموعی سکور پر جارج لینڈے کی مزاحمت بھی جواب دے گئی جو 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی لونگی نگیڈی تھے جنہوں نے آٹھ رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 

پاکستان کی جانب سے تمام باولرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم لیگ سپنر یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ، حسن علی ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

مزید :

کھیل -