باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد بلے بازوں کی ناقص کارکردگی، ڈیبیو کرنے والے نعمان علی بھی بول پڑے

باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد بلے بازوں کی ناقص کارکردگی، ڈیبیو کرنے والے ...
باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد بلے بازوں کی ناقص کارکردگی، ڈیبیو کرنے والے نعمان علی بھی بول پڑے
سورس:   Twitter

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کیخلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سپنر نعمان علی نے کہا ہے کہ پہلے دن مشکلات کے باوجود بھی پاکستان ٹیم میچ میں کم بیک کی پوری کوشش کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقہ کو 220 رنز پر آﺅٹ کرنے کے بعد پاکستان بھی پہلی اننگز کی ابتداءمیں چار کھلاڑیوں سے محروم ہو گیا البتہ اظہر علی اور فواد عالم نے ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور ان کے بعد محمد رضوان بھی باقی ہیں۔ 

ڈیبیو کرنے والے نعمان علی کا کہنا ہے کہ چار وکٹیں گر جانے کے بعد بھی پاکستان کی بیٹنگ قوت ابھی باقی ہے اور امید ہے کہ اچھی بیٹنگ کرکے جنوبی افریقہ کیخلاف بڑا ٹوٹل بورڈ پر سجائیں گے۔ اندرون سندھ کے علاقے کھپرو سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ کرکٹر نے اپنے ڈیبیو پر کہا کہ مجھے بھروسہ تھا کہ دو سیزن کی محنت کا صلہ ضرور ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیبیو کی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی، خوشی ہے کہ کوینٹن ڈی کاک کو آﺅٹ کرکے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی پہلی کوشش یہی تھی کہ جنوبی افریقہ کو کم سے کم ٹوٹل پر آﺅف کریں اور باﺅلرز اس میں کامیاب ہوئے لیکن بدقسمتی سے بیٹنگ میں وہ سٹارٹ نہیں مل سکا جس کی امید تھی، وکٹ سلو ہے اور ایسا ہی رہنا ہے، امید ہے دوسرے دن اچھی بیٹنگ ہوگی۔

مزید :

کھیل -