’سوچا نہیں تھا کہ پہلے دن 14 وکٹیں گر جائیں گی‘
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ڈین ایلگر نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ کی پوزیشن مستحکم ہوچکی ہے، شاید پہلی اننگز کے اختتام پر یہ نہیں کہا جاسکتا تھا لیکن دن کے اختتام تک اطمینان ہے کہ جنوبی افریقہ کا دن اچھا گزرا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے آن لائن گفتگو میں ڈین ایلگر نے کہا کہ ہماری ٹیم نے تیاریوں کے باوجود بھی اپنی صلاحیتوں کے مطابق بیٹنگ نہیں کی لیکن بعد میں باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گیم پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا، یہ اندازہ ضرور تھا کہ وکٹ آگے جاکر سلو ہوجائے گی لیکن اتنا نہیں سوچا تھا کہ پہلے دن ہی 14 وکٹیں گرجائیں گی۔
ڈین ایلگر کا کہنا تھا دونوں ٹیموں کی جانب سے کچھ سافٹ ڈسمیسل بھی تھے، وکٹ کے شام میں ہونے والے ممکنہ ردعمل کو ذہن میں رکھ کر ہی پہلے سیشن میں تیز کھیل شروع کیا تھا لیکن دوسرے سیشن میں اس کو برقرار نہیں رکھ سکے۔
ہماری کوشش ہوگی کہ کھیل کے دوسرے دن پاکستان کی بقیہ چھ وکٹیں جلد از جلد حاصل کریں اور بڑی سے بڑی برتری اپنے نام کریں کیونکہ پاکستان ٹیم کے باﺅلرز بھی پورے پلان سے آئیں گے اور آگے جاکر وکٹ مشکل ہوگی۔