جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان، بین ڈنک نے شاندار بات کہہ دی، پاکستانیوں کو خوش کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلین کرکٹر بین ڈنک نے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کا مشورہ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین ڈنک کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کا پاکستان میں کھیلنا ایک بڑا قدم ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں حالات انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے ساز گار ہیں، ناخوشگوار واقعہ ماضی کا حصہ بن چکا، اب موزوں وقت ہے کہ سب پاکستان میں میچز کھیلیں، میں نے پی ایس ایل کے دورران سیکیورٹی انتظامات کو بھی شاندار پایا۔
ابوظہبی میں ٹی 10 لیگ کیلئے موجود بن ڈنک کے مطابق پی ایس ایل کیلئے ایک بار پھر پاکستان میں کھیلنے کیلئے پرجوش ہوں، پاکستان میں کھیلتے ہوئے بہت مزہ آیا کیونکہ وہاں لوگوں کا بہت پیار بھی ملا، پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز کی ٹیم فائنل میں پہنچی لیکن کراچی کنگز نے زیادہ بہتر پرفارم کیا، اس بار راشد خان کے آنے سے کمبی نیشن بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
بین ڈنک نے امید ظاہرکی کہ ٹی 10 لیگ میں بھی قلندرز کی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، ٹی 10 فارمیٹ زیادہ چیلنجنگ ہے اور یہ کافی تیزی سے مقبول ہورہا ہے، کوویڈ 19 میں مداحوں کے بغیر کرکٹ کھیلنا مجبوری ہے، ہوسکتاہے کہ پی ایس ایل میں تماشائیوں کی موجودگی میں میچزہوسکیں۔