خرم منظور نے سعید انور کا ریکارڈ توڑ دیا

خرم منظور نے سعید انور کا ریکارڈ توڑ دیا
خرم منظور نے سعید انور کا ریکارڈ توڑ دیا
سورس:   Twitter

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خرم منظور نے لسٹ اے میچز میں 27 ویں سنچری بنا کر تاریخ رقم کرتے ہوئے سعید انور سے ملکی ریکارڈ چھین لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اوپنر خرم منظور نے یہ کارنامہ پاکستان کپ کے 10 ویں مرحلے میں سینٹرل پنجاب کیخلاف سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے انجام دیا، خرم نے 163 گیندوں پر 143 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،دوسری جانب ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے اور فائنل تک رسائی کا پہلا معرکہ 29 جنوری کو سندھ اور سینٹرل پنجاب کا ہوگا۔

دوسرا میچ کے پی اور ناردرن کے درمیان30 جنوری کو کھیلا جائے گا، آخری راﺅنڈ میں سینٹرل پنجاب، کے پی اور ناردرن نے فتوحات سمیٹیں، سینٹرل پنجاب نے سندھ کو 4 وکٹ سے زیر کیا، فاتح الیون نے 278 رنز کا ہدف چھ وکٹ پر حاصل کر لیا، طیب طاہر نے 93 اور رضا علی ڈار نے 71 رنز بنائے، حسان خان اور محمد اصغر نے دو، دو وکٹیں لیں۔ 

قبل ازیں سندھ نے خرم منظور کی سنچری سے تقویت پاکر 6 وکٹ پر 277 رنز بنائے،اسد شفیق 85 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، ناردرن نے سدرن پنجاب کو 44 رنز سے قابو کر لیا، 338 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم 293 پر ہمت ہار دی، شان مسعود 141اور مختار احمد63 رنز بناکر نمایاں رہے، ناردرن نے آٹھ  وکٹ پر 337 رنز بنائے، روحیل نے88 اور عمر امین نے83رنزکی اننگز کھیلیں، زاہد محمود نے3 وکٹیں اڑائیں، خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 23 رنز سے ہرادیا۔

371 کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ناکام ٹیم347 پر حوصلہ ہارگئی، اوپنر عمران فرحت نے کیریئر کے آخری میچ میں 123 رنز بنائے، عمران خان سینئر نے چار  وکٹیں لیں، اس سے قبل خیبرپختونخوا نے نو وکٹ پر 370 رنز سکور بنائے، عادل امین 121 اور محمد حارث 100 نمایاں رہے، گوہر فیض نے چار اور تاج ولی نے تین شکار کئے۔ 

مزید :

کھیل -