پٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت،آئی جی پنجاب نے اعلی پولیس افسرکو معطل کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )فیصل آباد کے علاقہ ڈجکوٹ میں پٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی )آف پولیس پنجاب انعام غنی نے سپرٹنڈنٹ آف پولیس ( ایس پی )پٹرولنگ ہائی وے پولیس (پی ایچ پی) فاروق احمد کو عہدے سے ہٹا دیا۔
ایس پی فاروق احمد کو معطل کرکے سینڑل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ،ا س حوالےسے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔چند روز قبل ڈجکوٹ کے علاقہ آر اے بازار میں پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے شہری وقاص احمد جان کی بازی ہار گیاتھا،واقعہ میں ملوث چاروں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔