پی سی بی کی عمران فرحت کو کامیاب کرکٹ کرئیر پر مبارکباد

پی سی بی کی عمران فرحت کو کامیاب کرکٹ کرئیر پر مبارکباد
پی سی بی کی عمران فرحت کو کامیاب کرکٹ کرئیر پر مبارکباد

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے  24 سالہ طویل کرکٹ کرئیر کے اختتام پربائیں ہاتھ کے بلے باز عمران فرحت کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

 ٹاپ آرڈر بیٹسمین عمران فرحت گزشتہ روزپروفیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔وہ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں بلوچستان کی نمائندگی کررہے تھے۔عمران فرحت نے اپنے لسٹ اے کرئیر کا آغاز سیزن 98-1997 میں کیا تھا۔اس کے اگلے سیزن انہوں نے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو بھی کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کاکہنا ہے کہ وہ  ایک طویل اور کامیاب ڈومیسٹک کرئیر کے اختتام پر عمران فرحت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ عمران فرحت ہمیشہ پاکستان کرکٹ کو اپنا تجربہ شیئر کرنے کے لیے تیار رہے اور انہوں نے حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا تجربہ شیئر کیا۔عمران فرحت مستقبل میں بھی اسی طرح پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار  رہیں گے۔

عمران فرحت کا کہنا تھا کہ  یہ ان کے لیے بہت جذباتی لمحات ہیں، ایک ایسا کھیل جس سے انہیں بچپن ہی سے محبت تھی اب اسے چھوڑنے کا وقت آگیا ہے۔اس کرئیر کے دوران بہت اتار چڑھاؤ آئے مگر انہوں نے جتنا بھی عرصہ فیلڈ پر گزارا وہ  ایک حسین یادبن کر ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔

عمران فرحت نے کہا کہ وہ اس موقع پر ان تمام ساتھی کھلاڑیوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جن کے ساتھ انہوں نے کبھی بھی کرکٹ کھیلی یا ڈریسنگ روم شیئر کیا ہو۔میں اپنی فیملی کا بھی بہت مشکور ہیں کہ ان کی سپورٹ کے بغیر یہ سفر بالکل ممکن نہیں تھا۔

 قومی انڈر 19 اور پھر پاکستان اے کرکٹ ٹیم کے نمائندگی کے بعد عمران فرحت نے پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے سال 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں اپنا ڈیبیو کیا۔ ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کےایک ماہ بعد ہی ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ڈیبیو کیا۔

عمران فرحت نے 105 انٹرنیشنل میچوں میں کُل 4195 رنز بنائے، جس میں 2400 ٹیسٹ رنز، 1719 ون ڈے انٹرنیشنل رنز اور 76 ٹی ٹونٹی رنز شامل ہیں۔ فرسٹ کلاس کے 230میچوں میں 15805 رنز بنائے، لسٹ اے کے 222میچوں پر مشتمل اپنے کرئیر میں 7572 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 69 ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں میں 1636 رنز بھی اسکور کیے۔ 

مزید :

کھیل -