ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا سیکیورٹی پلان تیار، 5650 پولیس اہلکار تعینات
کراچی (ویب ڈیسک) پولیس نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچزکے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا، ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے کمانڈ اینڈکنٹرول بس سٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل سٹیڈیم پرتعینات کی جائے گی جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اور ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق آج سے شروع ہونیوالے پی ایس ایل7 کے سلسلے میں سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔مجموعی طورپر 5650 پولیس اہلکارسیکیورٹی پر تعینات ہوں گے، ایس ایس یو کے1200 کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے1700، ٹریفک پولیس کے 1500، سپیشل برانچ کے500، ریپڈ رسپانس فورس کے 250اہلکار، سندھ رینجرزکے جوان اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار نیشنل سٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
جدید تربیت یافتہ اورجدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوزپرمشتمل سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (ایس ڈبلیواے ٹی) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یوہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہے گی عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرشاہ سلیمان روڈکے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں، شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔