نوازشریف کی وطن واپسی کی بازگشت کے دوران ہی چوہدری شجاعت حسین نے حکومت کو مفید مشورہ دیدیا
لاہور ، اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے بارے میں افواہوں کے بعد مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ نوازشریف کی واپسی سے باہر نکلیں اور عوامی مسائل پر توجہ دیں، اگر ایسے ہی کاموں پر اب بھی لگے رہے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔
سماء ٹی وی کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ زندگی اور موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا، نوازشریف پر جتنے پیسوں کا الزام ہے ، اس سے زیادہ حکومت نے اس پر خرچ کردیئے ۔ ان کاکہناتھاکہ کچھ بھی کرلیں، نوازشریف وطن واپس نہیں آئیں گے ، ان کی واپسی کے بارے میں جو لوگ کہہ رہے ہیں ، وہ خود وزیراعظم کے امیدوار ہیں، اگر ایسے لوگ بھی واپسی کا کہیں گے تو پھر مضحکہ خیز ہے، پارٹی رہنماء خود ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔