پی ایس ایل سیون، ملتان سلطانز نے پہلے میچ میں کراچی کو دھول چٹادی

پی ایس ایل سیون، ملتان سلطانز نے پہلے میچ میں کراچی کو دھول چٹادی
پی ایس ایل سیون، ملتان سلطانز نے پہلے میچ میں کراچی کو دھول چٹادی

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیون کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم نے 125 رنز کا ہدف19 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پوراکرلیا۔ کپتان محمد رضوان52 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ محمد رضوان اورشان مسعود نے آسان ہدف کے تعاقب میں اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔تاہم شان مسعود  18 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کے لیے صہیب مقصود اور محمد رضوان نے اچھی پارٹنر شپ قائم کی،صہیب مقصود 31 گیندوں پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ رائلی روسو کا جادو نہ چل سکا اور وہ صر ف دو رنز بناسکے۔ٹم ڈیوڈ 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،انہوں نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔

قبل ازیں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے۔کراچی کنگز کو پہلے میچ میں اچھا آغاز ملا،تاہم بعدمیں آنے والے بلے باز جم کر بیٹنگ نہ کرسکے اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان سب سے نمایاں بلے باز رہے،انہوں نے 31 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں جوئے کلارک26 اور بابر اعظم 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین جبکہ خوشدل شاہ اور شاہ نواز دھانی نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلےباؤلنگ  کا فیصلہ کیا ہے۔ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، شاہ نواز دھانی، رائلی روسو،صہیب مقصود، شان مسعود، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی، عمران طاہر، عمران خان سنیئر اور احسان اللہ شامل ہیں۔کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، شرجیل خان، لیوس گریگری، محمد نبی، جوئے کلارک، عامر یامین، محمد طحہ، عمید آصف، محمد الیاس،ٹوم لیمنمبے اور محمد عمرانشامل ہیں۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پوری پلاننگ کے ساتھ گراؤنڈ میں اترے ہیں ،کوشش کریں گے کہ بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک نو میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں کراچی کنگز کا پلڑا بھاری رہے، کراچی کی ٹیم پانچ جبکہ ملتان کی ٹیم دو میچز میں فاتح رہی۔

مزید :

اہم خبریں -کھیل -