سنیل شیٹھی کی بیٹی اتھیا شیٹھی کو مہنگے تحائف ملنے کی خبریں، آخر کار حقیقت سامنے آ گئی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) معروف اداکار سنیل شیٹھی کی صاحبزادی اتھیا شیٹھی کی شادی بھارتی کرکٹر کے ایل راہول کے ساتھ 23 جنوری کو ہوئی اور بھارتی میڈیا میں خبریں آئیں کہ جوڑے کو بیش قیمتی تحائف دیئے گئے ہیں جن میں والد کا فلیٹ اور سلمان خان کی جانب سے دی جانے والی گاڑی سر فہرست لیکن اب معلوم ہواہے کہ ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جوڑے کی شادی میں صرف فیملی کے قریبی لوگوں نے ہی شرکت کی اور تقریب سنیل شیٹھی کے کھنڈالا کے فارم ہاوس میں ہوئی تاہم استقبالیے کی تقریب آئی پی ایل کے بعد ہو گی ۔ شادی کے فوری بعد قیمتی تحائف کی ایک فہرست تیزی سے وائرل ہو نے لگی اور دعویٰ کیا گیا کہ جوڑے کو تحفے قریبی دوستوں اور فیملی کی جانب سے دیئے گئے ہیں، جن میں ممبئی میں پچاس کروڑ روپے مالیت کا گھر، بھی شامل ہے ۔جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ جوڑے کو بالی ووڈ سٹارز کی جانب سے مہنگی گاڑیاں اور ہیوی بائیک بھی تحفے میں دی گئی ہے تاہم اب انکشاف ہواہے کہ اس میں کوئی سچائی نہیں اور یہ افواہیں بے بنیاد ہیں۔
ممبئی ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ جب ان تحائف کے بارے میں شیٹھی فیملی سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ تمام خبریں جھوٹی ہیںاور ایسی خبریں چھاپنے سے پہلے ہم سے پوچھ لیا کریں ، امید ہے کہ اب سوشل میڈیا اور میڈیا پر چلنے والی افواہیں دم توڑ جائیں گی ۔