تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کروا دیا۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمے میں ڈکیتی، کارسرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے سرکاری اسلحہ، سرکاری گاڑی اور وائرلیس چھینا، ملزمان نے کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ پر سرکاری گاڑیاں روکیں اور ڈکیتی کی کوشش کی جبکہ گرفتار ملزم فواد چوہدری کو بزور طاقت چھڑوانے کی کوشش بھی کی گئی۔ مقدمے میں فرخ حبیب کے علاوہ 7 سے 9 مسلح افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر پولیس افسر عدیل شوکت کی مدعیت میں تھانہ فیروزوالہ میں درج کروائی گئی۔