وزیر اعظم شہباز شریف کی سکواش کھلاڑی جان شیر خان سے ملاقات ، سوشل میڈ یا پر چلنے والی افواہیں دم توڑ گئیں

اسلام آباد(افضل افتخار)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سکواش کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی.
وزیراعظم نے جان شیر خان, جو کہ آٹھ مرتبہ عالمی چیمپئن اور چھے مرتبہ برٹش اوپن چیمپئن کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں , کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اور آپ کے خاندان نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا پوری قوم کو آپ پر فخر ہے. انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کے لئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں.
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں سکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے. انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور سپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں.سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے وزیراعظم کو سکواش کے فروغ کے لئے اپنی حالیہ سرگرمیوں بارے آگاہ کیا جنھیں وزیراعظم نے سراہا. جان شیر خان ان دنوں سکواش کے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں.
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈ یا پر ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ایک شخص مسجد میں بیٹھا دعا کر رہا تھا اور اس کا جسم مسلسل کانپ رہا تھا ۔ اس ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ جان شیر خان کی ویڈیو ہے جو پارکنسن کے مرض میں مبتلا ہیں تاہم اس حوالے سے ان کے بیٹے نے پہلے ہی تردید کردی تھی ۔