'باجوہ صاحب امپورٹڈ حکومت کا تحفہ دیکر خود باہر چلے گئے، فرخ حبیب کا بیان

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ باجوہ صاحب امپورٹڈ حکومت کا تحفہ دے کر خود باہر چلے گئے، عمران خان کو کچھ ہوا تو آپ ذمہ دار ہوں گے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کیا ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں اور پرچے کاٹ کر ڈالر کا ریٹ نیچے گر جائے گا۔ عمران خان کو نقصان پہنچا تو آپ ملک کا وہ نقصان کریں گے جو دشمن بھی نہ کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ 14 جنوری کو پنجاب اسمبلی تحلیل ہوئی لیکن آج تک انتخابات شیڈول نہیں ہو سکے، خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول بھی نہیں آیا، اس سے بڑھ کر الیکشن کمیشن کی جانبداری کا اور کیا ثبوت ہو گا جبکہ آئین کہتا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 روز کے اندر انتخابات ہوتے ہیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ کون ہے جو انتخابات نہیں کرانا چاہتا، خود کو آئین و قانون سے اونچا سمجھتا ہے، آپ کو آئین سے غداری نہیں کرنے دی جائےگی، اسے قانون کے نیچے کون لائے گا، معاملہ اب عدلیہ کے پاس ہے، عدالتوں سے گزارش ہے کہ ذمہ داری اب آپ پر آن پڑی ہے۔