عمران خان کے قتل کی سازش خبر ہے تجزیہ نہیں، شیخ رشید کا بیان

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے قتل کی سازش خبر ہے تجزیہ نہیں، نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف سپریم کورٹ جاؤں گا، آئی ایم ایف پروگرام کے بعد ملک خانہ جنگی، قحط سالی اور خون خرابے کی طرف جائے گا۔
نجی ٹی وی" ڈان نیوز" سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 10 مہینے سے فوج سے رابطہ نہیں، عمران خان کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ وقت ثابت کرے گا صحیح ہے یا غلط، اسمبلیوں سے استعفے کے معاملے پر زندگی بھر کی سیاست داؤ پر لگا کر عمران خان کا ساتھ دے رہا ہوں اور دیتا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات کی بنیاد پر خبر ہے کہ آصف زرداری ،عمران خان کو قتل کروانا چاہتا ہے،زرداری نےعمران خان کو قتل کروانے کیلئے دہشت گرد تنظیم کو ٹاسک سونپا ہے ، وہ بلاول کو وزیراعظم بنوانا چاہتا ہے۔ نوازشریف، عمران خان کو گرفتار کروانا چاہتا ہے تاہم زرداری اس گرفتاری پر راضی نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد ملک کو قحط، خون خرابے اور خانہ جنگی کی طرف جاتا دیکھ رہا ہوں، بد ترین مہنگائی ہو جائے گی، لوگ ایک دوسرے کو کہیں گے احتجاج کیلئے باہر نکلو، مر جاؤ۔
شیخ رشید نے کہا کہ حالات ابھی بھی ٹھیک نہیں، کسی طرف بھی جا سکتے ہیں، میرا شہر میرے ہاتھ سے نکل رہا ہے،نہاری اور دودھ کی دکانیں لوٹی جا رہی ہیں،لوگ بلب تک چوری کر رہے ہیں، حالات اس قدر بدترین ہو چکے ہیں کہ غریب کے پاس قبرستان میں میتیں دفنانے کیلئے پیسے نہیں۔
سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام نہیں کہ پرچے کٹوائے، فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ سمجھ سے بالاتر ہے، ان کو انتخابات کروانے چاہئیں اور گھر جانا چاہئے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز تو آپس میں پھٹے ہی ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی اور( ن) لیگ بھی آپس میں جلد پھٹ جائے گی۔