پاکستان ہاکی بورڈکا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے،رانا مجاہد
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں قومی کھیل کی بحالی اور مالی استحکام کے لیے پاکستان ہاکی بورڈکے قیام کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس فی الحال آمدن کا کوئی مستقل ذریعہ نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ادائیگیوں میں مشکلات پیش آتی ہیں۔رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ہاکی کے تمام اسٹیڈیمز اور سہولیات براہِ راست پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حوالے کر دے، تو ان سے آمدن پیدا کر کے کھیل کو خود کفیل بنایا جا سکتا ہے۔ کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی بورڈ کے قیام یا سالانہ بنیادوں پر بجٹ مختص کرنے سے کھیل کو مستقل بنیادوں پر چلایا جا سکتا ہے اور فیڈریشن کو مالی مشکلات کے لیے کسی کا محتاج نہیں رہنا پڑے گا عزم کا اظہار کیا کہ ہاکی فیڈریشن تمام تر محدود وسائل کے باوجود قومی کھیل کو زندہ رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔ اور امید ہے کہ حکومت اور اسپانسرز اس مشن میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
