پنجاب رمضان نگہبان پیکیج، مریم نوازنے منظوری دیدی 42لاکھ مستحق خاندانوں کو 10.10ہزار روپے ملیں گے
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان نگہبان پیکیج کی منظوری دیدی، رمضان میں صوبے کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے ملیں گے۔ و ز یراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت رمضان کی تیاریوں اور عوامی ریلیف سے متعلق اجلاس لاہور میں ہوا۔ حکومت کی جانب سے رمضان میں نادار افراد کو نگہبان کارڈز مہیا کیے جائینگے۔ نادار افراد کیلئے راشن کارڈ، نگہبان دسترخوان، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امور کی منظوری دی گئی۔ رمضان نگہبان کارڈ سے کیش کے علاوہ دیگر ضروری اشیا خریدنے کی سہولت ہو گی۔ ضلعی انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں گھر گھر جا کر وزیراعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان کارڈ فراہم کریگی۔ رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے بینک آف پنجاب برانچ لیس بینکنگ ایجنٹ سے بھی کیش حاصل کرسکیں گے۔ رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے ون لنک نیٹ ورک اے ٹی ایم کے ذریعے بھی کیش حاصل کیا جا سکے گا۔ بینک آف پنجاب کے مقررہ دکانداروں سے رمضان نگہبان کیش کے ذریعے خریداری کی جاسکے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز رمضان نگہبان کارڈ کی ایکٹیویشن کیلئے 136 ایکٹیویشن مراکز قائم کیے جائیں گے۔ رمضان نگہبان کارڈ پنجاب بینک کی اے ٹی ایم پر بھی ایکٹیویٹ کیا جاسکے گا۔پنجاب بھر میں راشن کارڈ ہولڈرز کو رمضان میں 3 ہزار ماہانہ کی بجائے 10 ہزار روپے دیئے جائینگے۔ رمضان نگہبان ڈیش بورڈ قائم اور کارڈ ہولڈرز کو کال کر کے کاؤنٹر چیکنگ کا نظام قائم کیا جائیگا۔ ہر تحصیل میں رمضان المبارک میں 8 نگہبان دستر خوان اور مریم کے مہمان قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ہر تحصیل میں نگہبان دسترخوان کے تحت ہر روز 2 ہزار روزہ داروں کی افطاری کرائی جائیگی۔ روزہ داروں کی کھجور، سموسہ، شربت، فروٹ اور چکن بریانی سے تواضع کی جائیگی۔رمضان المبارک میں پنجاب کے 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فنکشنل ہونگے۔ پنجاب کے11 اضلاع میں عارضی رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔ فری ہوم ڈلیوری کیلئے نگہبان کارڈ سے ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سہولت بازاروں میں نرخ، صفائی، سکیورٹی اور دیگر امور کی نگرانی کیلئے 1250 کیمرے اور ما نیٹر نگ روم قائم کیے جائینگے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے رمضان المبارک میں نرخ مزید کم کرانے کیلئے بھی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ فلور ملز، چکن، کریانہ اور گھی ملز ایسوسی ایشن کے ا سٹا ئل بھی قائم ہونگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کوئی بھی مستحق خاندان رمضان المبارک میں خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔ انہوں نے کہا دکھ سکھ میں غریب عوام کیساتھ کھڑے رہیں گے، خدمت کے جذبے کیساتھ فرائض انجام دیئے جائیں تو اللہ تعالیٰ راضی ہوتا اور رزق بڑھتا ہے۔ مریم نواز نے کہا اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کی ذمہ داری میری ہی نہیں بلکہ ہر کمشنر، ڈی سی اور ہر افسر کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہر ضلع میں نہروں کی بھل صفائی کی بروقت تکمیل کا بھی حکم دیا۔ سرگودھا میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر اظہار نا پسندیدگی کیا اور ڈی سی کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
رمضان نگہبان پیکیج
