ٹرمپ امن بورڈ محض ایک دھوکہ ہے،ثروت قادری،اشرف جلالی

ٹرمپ امن بورڈ محض ایک دھوکہ ہے،ثروت قادری،اشرف جلالی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) قادری ہاؤس میں تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری سے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ٹرمپ امن بورڈ محض ایک دھوکہ ہے۔ حالات گواہ ہیں کہ ٹرمپ نے ہمیشہ اسرائیل کی طرفداری کی ہے۔ حماس پر جو ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، ان میں ٹرمپ بھی شریک جرم ہے۔ اب اسی ٹرمپ کی قیادت میں بنائے گئے امن بورڈ، جبکہ اس میں خود نتین یاہو بھی شامل ہے، سے کیا خیر کی توقع کی جا سکتی ہے۔ جو مسلم ممالک بھی ٹرمپ امن بورڈ کا حصہ بن رہے ہیں، انہیں فوری طور پر اس بورڈ سے نکل جانا چاہیے۔ حماس کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی فیصلہ کرنا مسئلہ کا حل نہیں ہے۔

ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ قادری ہاؤس پر جو آپریشن کیا گیا ہے، میں اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ اہل سنت کی ملک گیر جماعت پاکستان سنی تحریک کے گھر پر چھاپہ مار کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ اہل سنت کے ساتھ ناروا سلوک کی جتنی بھی مذمت کی جائے، تھوڑی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ گل پلازہ سانحہ میں حکومتی غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تحقیقاتی کمیشن کے ذریعے سانحہ کے ذمہ داران کٹہرے میں لائے جائیں۔ دونوں رہنماؤں نے سانحہ گل پلازہ کے شہداء کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔ ملاقات میں صاحبزادہ عباس سلیم قادری، مفتی محمد زاہد نعمانی، مفتی محمد شاہد عمران جلالی، مفتی محمد فرید احمد جلالی و دیگر موجود تھے۔