’’ تجارتی معاہدے پر بروقت عملدرآمد نہیں کیا‘‘ ٹرمپ نےجنوبی کوریا کی مصنوعات پر ٹیرف بڑھانے کا اعلان کر دیا
پیانگ یانگ ( مانیٹرنگ ڈیسک )امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےجنوبی کوریا کی مصنوعات پر ٹیرف بڑھانے کا اعلان کر دیا ۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کی مصنوعات پر ٹیرف 15 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے امریکہ کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدے پر بروقت عملدرآمد نہیں کیا۔
جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر چیونگ وا ڈے نے صدر ٹرمپ کے اس بیان پر کہا ہے کہ اسے امریکہ کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کی کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر کینیڈا میں موجود جنوبی کوریا کے وزیرِ تجارت کم جنگ کوان نے فوری طور پر امریکہ جانے اور امریکی وزیر تجارت سے ملاقات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ’’ ٹیرف کی نئی شرح گاڑیوں، لکڑی، ادویات اور دیگر مصنوعات پر لاگو ہوگی جو امریکی بنیادی لائن ’’باہمی‘‘ (reciprocal tariff) ٹیرف کے تحت احاطہ کرتی ہے‘‘۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی جانب سے تاحال اس فیصلے کو قانونی شکل دینے کے لیے کوئی ایگزیکٹو آرڈر جاری نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان ایک فریم ورک تجارتی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت امریکہ نے جنوبی کوریا پر ٹیرف 25 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت جنوبی کوریا نے امریکہ میں 350 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا۔
